کراچی سرکلر ریلوے 21 سال بعد جمعرات سے بحال ہوگی

اسٹاف رپورٹر  منگل 17 نومبر 2020
اورنگی تا پپری چلنے والی ٹرین دو طرفہ 8 چکر لگائے گی، چیئرمین ریلوے حبیب الرحمان ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

اورنگی تا پپری چلنے والی ٹرین دو طرفہ 8 چکر لگائے گی، چیئرمین ریلوے حبیب الرحمان ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

کراچی سرکلر ریلوے 21 سال بعد جمعرات سے بحال ہوجائے گی۔

چیئرمین ریلوے حبیب الرحمان گیلانی نے کہا ہے کہ لوگوں کی سہولت کے لئے 19 نومبر سے کراچی سرکلر ریلوے پہلے فیز میں اورنگی ریلوے اسٹیشن سے مارشلنگ یارڈ پپری ریلوے اسٹیشن کے درمیان ٹرین سروس شروع ہوجائے گی، کراچی سرکلر ریلوے اپ سائیڈ (1-Up) ٹرین صبح 6 بجکر 30 منٹ پر اورنگی ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہو کر منگو پیر، سائیٹ، شاہ لطیف، بلدیہ، لیاری، وزیر مینشن، کراچی سٹی، کراچی کینٹ، ڈیپارچر یارڈ، ڈرگ روڈ، ڈرگ کالونی، ایئر پورٹ، ملیر کالونی، ملیر، لانڈھی، جمعہ گوٹھ، بن قاسم اور بلدیہ نالہ سے ہوتی ہوئی صبح 9 بجکر 15 منٹ پر مارشلنگ یارڈ پپری ریلوے سٹیشن پہنچے گی۔

حبیب الرحمان کا کہنا ہے کہ اسی طرح دوسری مرتبہ یہ ٹرین اورنگی ریلوے اسٹیشن سے صبح 10 بجے روانہ ہو گی، تیسری مرتبہ یہ ٹرین اورنگی سے دوپہر 1 بجے اور چوتھی مرتبہ اورنگی سے یہ ٹرین شام 4 بجے روانہ ہوا کرے گی۔

چیئرمین کا کہنا ہے کہ اسی طرح کراچی سرکلر ریلوے ڈاؤن سائیڈ میں (2-Dn) ٹرین مارشلنگ یارڈ پپری ریلوے سٹیشن سے صبح 7 بجے روانہ ہو کر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی صبح 9 بجکر 45 منٹ پر اورنگی ریلوے سٹیشن پہنچے گی۔

انہوں نے کہا کہ دوسری مرتبہ ما رشلنگ یارڈ پپری ریلوے سٹیشن سے یہ ٹرین صبح 9بجکر 30منٹ پر جب کہ تیسری مرتبہ دوپہر 1بجے اور چوتھی مرتبہ شام 4بجکر 30 منٹ پر چلے گی اس ٹرین کا کرایہ سٹیشن ٹو سٹیشن 50روپے یک طرفہ ہو گا اور اس ٹرین کے چلنے سے جہاں کراچی کے لوگوں کو خاطرخواہ فائدہ اور سہولت حاصل ہوگی وہاں محکمہ کو بھی ریونیو ملے گا جب کہ مستقبل میں سرکلر ریلوے ٹرین کو بھی بہتر طریقہ سے چلایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔