کہا جاتا ہے وزیراعلیٰ بنو اب بن کر دکھاؤں گا، عثمان بزدار

ویب ڈیسک  منگل 17 نومبر 2020
جو لوگ باہر بیٹھ کر سازشیں کررہے ہیں سب معلوم ہے، وزیراعلیٰ . فوٹو : فائل

جو لوگ باہر بیٹھ کر سازشیں کررہے ہیں سب معلوم ہے، وزیراعلیٰ . فوٹو : فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مجھے کہا جاتا ہے کہ سی ایم  بن کر دکھاؤ اب بن کر دکھاؤں گا۔

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 3 گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے گنے کی  کم ازکم امدادی قیمت  200 روپے  فی من مقرر کرنے منظوری دے دی۔

کابینہ اجلاس میں  ٹرانسپورٹیشن چارجز اور شوگرکین ڈویلپمنٹ فیس کی بھی منظوری دی گئی۔ طے پایا کہ گنے کے کاشتکاروں کو بروقت اور پورا معاوضہ دیا جائے  گا، بروقت ادائیگیاں نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف کارروائی ہوگی۔

کابینہ نے محکمہ خوراک پنجاب کو پاسکو سے تریسٹھ ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کے معاہدے کی منظوری بھی دی، اجلاس میں نابینا افراد کی ملازمتوں کے 3 فیصد کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

کابینہ اجلاس کی اندورنی کہانی کے  مطابق اجلاس میں 2 صوبائی وزراء کی سرزنش کی گئی۔ وزیر تعلیم مراد راس نے اپنا سیکریٹری تبدیل کرنے کا معاملہ کابینہ اجلاس میں اٹھا دیا، اجلاس میں صوبائی وزیر عنصر مجید نیازی کی بھی سرزنش کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا کہ مجھے کہا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ بن کردکھاو، اب سی ایم بن کر دکھاؤں گا، جو لوگ باہر بیٹھ کر سازشیں کررہے ہیں سب معلوم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔