کوئٹہ کی سرد ہوائیں کراچی پہنچ گئیں، سردی مزید بڑھنے کا امکان

اسٹاف رپورٹر  منگل 17 نومبر 2020
منگل کو 40 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں، بدھ کو درجہ حرارت میں مزید کمی اور دھند چھانے کا امکان۔ فوٹو:فائل

منگل کو 40 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں، بدھ کو درجہ حرارت میں مزید کمی اور دھند چھانے کا امکان۔ فوٹو:فائل

 کراچی: کوئٹہ کی سرد ہوائیں کراچی پر اثرانداز ہونا شروع ہوگئیں، منگل کو 40 کلومیٹر کی رفتار سے سرد ہوائیں چلیں، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2 ڈگری گرگیا، بدھ کو درجہ حرارت میں مزید کمی اور دھند چھانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی صبح بلوچستان کی شمال مشرقی ہواؤں کے سبب معمول سے زیادہ خنک رہا اور سردی محسوس کی گئی۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بارشوں کے اثرات شہر پر نمودار ہونا شروع ہوگئے۔ منگل کو ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی جس کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مزید 2 ڈگری کمی سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور شہر کا کم سے کم پارہ 17.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت دُھند کی وجہ سے حدِ نگاہ 3 کلومیٹر تک کم ہوئی جبکہ کچھ وقت کے لیے گرد آلود ہوائیں بھی چلیں، کوئٹہ کی سرد ہواؤں کے باعث آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت میں مزید اضافہ اور درجہ حرارت نیچے گرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے رواں موسمِ سرما جلد شروع اور طویل ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ بدھ کو مطلع صاف اور رات سرد رہنے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 16 سے 18 اور زیادہ سے زیادہ 29 سے 31 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔