دنیا کے آخری سفید زرافے پر جی پی ایس ٹیگ نصب

ویب ڈیسک  بدھ 18 نومبر 2020
کرہ ارض پر بچ جانے والے آخری سفید زرافے کے تحفظ کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ فوٹو: سی این این

کرہ ارض پر بچ جانے والے آخری سفید زرافے کے تحفظ کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ فوٹو: سی این این

کینیا: دنیا میں اس وقت ایک ہی سفید زرافہ بچا ہے اور اس کی حفاظت کی غرض سے اس پر جی پی ایس ٹیگ لگادیا گیا ہے۔

کینیا میں اس سے قبل اس کی مادہ اور بچے کو اس سال مارچ میں ماردیا گیا تھا اس کے بعد یہ دنیا میں واحد سفید زرافہ بچا ہے۔ اس کے سینگ نما ابھار پر لگا جی پی ایس ٹیگ ہر گھنٹے بعد اس کی پوزیشن واضح کرتا ہے جس سے افسران کو اس کی موجودگی کے مقام کا اندازہ ہوجاتا ہے۔

زرافہ اس وقت مشرقی کینیا میں گریسا میں موجود ہے جس کی حرکات وسکنات پر نظر رکھی جاری ہے۔ یہاں رہنے والی برادری کا نام اسحاق بنی ہے جو اس کا خیال رکھتی ہے۔ اس برادری کے رکن احمد نور نے کہا کہ اس بار بارشوں سے سبزہ بڑھا ہے جو سفید اور نرزرافے کے لیے بہت کافی ہوگا۔ دوسری جانب ناردرن رینج لینڈ ٹرسٹ کے کے افسر اینٹونی ونڈیرہ نے بھی اس برادری کا شکریہ ادا کیا۔

کینیا میں اس سال مارچ میں لوگوں نے سفید مادہ اور اس کے بچے کو مارڈالا تھا۔ کینیا میں زرافہ دشمن افراد انہیں گوشت اور جلد کے لیے ہلاک کرتے ہیں۔ سفید زرافہ میں لیوسائزم نامی کیفیت پیدا ہوجائے تو وہ سفید ہوجاتے ہیں اور ان کی آنکھیں گہری ہوجاتی ہیں اور وہ دور سے محسوس کئے جاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ صرف کچھ برسوں میں زرافوں کی آبادی 40 فیصد تک کم ہوچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔