تمیم اقبال بھی پاکستان کی خوبصورتی سے متاثر

سلیم خالق  بدھ 18 نومبر 2020
کراؤڈ کے بغیر اسٹیڈیم کی فضا بڑی مختلف ہوتی ہے،بنگلادیشی بیٹسمین۔ فوٹو: فائل

کراؤڈ کے بغیر اسٹیڈیم کی فضا بڑی مختلف ہوتی ہے،بنگلادیشی بیٹسمین۔ فوٹو: فائل

 کراچی: بنگلادیشی کرکٹر تمیم اقبال بھی پاکستان کی خوبصورتی سے متاثر ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو انٹرویو میں بنگلادیشی کرکٹر نے کہا کہ میں پاکستان میں اپنے قیام سے ہمیشہ لطف اندوز ہوتا ہوں، ماحول ہمارے ملک جیسا ہے، یہاں بھی کرکٹ کو پسند کرنے والوں کی بڑی تعداد موجود اور شائقین بڑے جذباتی ہیں، اس بار بھی شاندار ملک کا دورہ بڑا اچھا رہا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے بائیو سیکیورٹی نے ماحول تبدیل کیا لیکن صحت کے لیے قوانین کی پاسداری ضروری ہے، ماضی میں ہوٹلزاور ریسٹورنٹس میں بھی گھومنے اور ماحول دیکھنے کا موقع ملتا تھا، اس بار ٹیم ہوٹل اور یہاں بھی مخصوص ایریا میں جانے کی اجازت ہے۔

انھوں نے کہا کہ کراؤڈ کے بغیر اسٹیڈیم کی فضا بڑی مختلف ہوتی ہے، چوکا، چھکا لگنے پر کوئی داد دینے والا نہیں ہوتا لیکن کم ازکم ٹی وی پر ہی سہی شائقین کو کرکٹ تو دیکھنے کو مل رہی ہے، ابھی کچھ وقت کیلیے ہمیں کو ان چیزوں کا عادی بنانا ہے۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ لاہور قلندرز ایک پروفیشنل ٹیم ہے،اس بار پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، میں نے لیگ مرحلے کے کچھ میچز ٹی وی پر دیکھے اور اس ایونٹ میں کھیل کے معیار سے متاثر ہوا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔