(ن) لیگ نے اداروں سے ٹکرا کراپنی سیاست کودفن کردیا، شیخ رشید

ویب ڈیسک  بدھ 18 نومبر 2020

 سیاست اپنا راستہ خود بناتی ہے، بند گلی میں داخل ہونا عقلمندی نہیں، شیخ رشید: فوٹو: فائل

 سیاست اپنا راستہ خود بناتی ہے، بند گلی میں داخل ہونا عقلمندی نہیں، شیخ رشید: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ جوباہر بیٹھ کرملک دشمن بیانیہ دے اس کی بات پرکون یقین کرے گا اور(ن) لیگ نے اداروں سے ٹکرا کراپنی سیاست کو دفن کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں زندگی میں پہلی بارشفاف الیکشن دیکھا، اس سے جمہوریت کی جیت ہوئی ہے، پی ٹی آئی کی اس ماہ کے آخرمیں گلگت بلتستان میں دوتہائی اکثریت ہوگی، چیف الیکشن کمشنرگلگت بلتستان نے کہا جوحلقہ کھولنا چاہیں کھولیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ (ن) لیگ نے اداروں سے ٹکرا کراپنی سیاست کودفن کیا ہے، جوباہربیٹھ کرملک دشمن بیانیہ دے اس کی بات کا کون یقین کرے گا، کبھی کہتے ہیں سارا کام دوسروں نے خراب کیا ہے، کبھی کہتے ہیں دوسروں سے بات کریں گے، اب یہ کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات کریں گے، کیا اسٹیبلشمنٹ آسمان سے اتری ہے وہ بھی انہی کی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ سیاستدانوں کوسیاستدانوں سے ہی بات کرنا پڑتی ہے، نواز شریف کے بیانیے سے فوج کا خطرہ ہے، پوری فوج عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اوراسٹیبلشمنٹ سے بات بھی نواز شریف کے بیانیے کی نفی ہے۔ پاکستان میں مافیا بھی بدنام ہو گیا ہے، ہر کیس کے پیچھے ایک چہرہ ہوتا ہے، کوئی استعفی نہیں دے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ سیاست اپنا راستہ خود بناتی ہے، بند گلی میں داخل ہونا عقلمندی نہیں، آپ آئندہ سال بھی رورہے ہوں گے کہ پی ٹی آئی نے حکومت بنا لی، اپوزیشن شوق سے جلسے کریں، کورونا کی صورتحال کا پتا چل جائے گا، پی ڈی ایم لوگوں کو کورونا سے نہیں بچانا چاہتی، 30 دسمبرتک کورونا مزید پھیلا توحکومت کیلیے بہت بڑامسئلہ ہوگا، کابینہ میں ملک بھرمیں ماسک کی مفت تقسیم کی بات کی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کل سے کراچی سرکلرریلوے چلانے جارہے ہیں، 15 کوچزکا کراچی سٹی اسٹیشن سے افتتاح ہوگا، 14 کلومیٹر نیا ٹریک بحال کیا ہے اس کو بہترکیا جائے گا، 42 کلومیٹر تک دو پھیرے لگائے جائیں گے، یہ 8 پھیرے لگا سکیں گی اور48 کلومیٹر پرسندھ حکومت پل اورکراسنگ بنائے گی اوراگلے مرحلے میں اورنگی سے سٹی اسٹیشن تک ٹرین چلائی جائے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ شبر زیدی پرجھوٹ پرمبنی الزام لگایا گیا، مولانا فضل الرحمان سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ الزام سے پہلے تحقیق کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔