بھارتی فوج کی چیک پوسٹ پر برفانی تودا گرنے سے ایک اہلکار ہلاک 2 زخمی

ویب ڈیسک  بدھ 18 نومبر 2020
زخمیوں میں سے ایک اہلکار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، فوٹو : فائل

زخمیوں میں سے ایک اہلکار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، فوٹو : فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی چیک پوسٹ پر برفانی تودہ گرنے سے ایک اہلکار ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے جب کہ بارہ مولا میں ایک اہلکار نے سرکاری رائفل سے خودکشی کرلی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دو الگ الگ واقعات میں قابض بھارتی فوج کے 2 اہلکار ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے جن میں سے ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ضلع بارہ مولا میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ہیڈ کانسٹیبل راجن کمار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ مقبوضہ کشمیر میں پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی کرنے والے اہلکاروں کی تعداد 480 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ضلع کپواڑا میں بھارتی فوج کی چیک پوسٹ پر برفانی تودہ گرنے سے 3 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک اہلکار نے دم توڑ دیا جب کہ ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ موسم سرما میں برفانی تودے گرنے کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ برس بھی ایسے واقعات میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوج کے اہلکاروں کی تعداد 10 سے تجاوز کر گئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔