شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کے خلاف ایک اور کرپشن ریفرنس دائر

ویب ڈیسک  بدھ 18 نومبر 2020
شہباز شریف کی بیٹی رابعہ اور ان کے شوہر عمران یوسف منی لانڈرنگ کیس میں بھی نامزد ہیں(فوٹو، فائل)

شہباز شریف کی بیٹی رابعہ اور ان کے شوہر عمران یوسف منی لانڈرنگ کیس میں بھی نامزد ہیں(فوٹو، فائل)

 لاہور: قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی بیٹی اور داماد  کے خلاف ایک اور کرپشن ریفرنس دائر کردیا گیا۔ 

نیب لاہور نے شہباز شریف کے بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران یوسف کیخلاف ریفرنس فائل کردیا۔ رابعہ عمران، عمران علی سمیت دیگر پر 37 کروڑ 5 لاکھ 28 ہزار کا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

دائر کردہ ریفرینس کے مطابق صاف پانی واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مد میں 13 کروڑ سے زاید کی کرپشن کی گئی۔سامان کی مہنگے داموں خریدارے کے باعث 13 کروڑ 32 لاکھ کا قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ سولر ورک کی مد میں قومی خزانے کو 8 کروڑ 16 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔

رابعہ عمران، عمران علی سمیت دیگر پر قومی خزانے کو 2 کروڑ 47 لاکھ کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ریفرینس میں مرکزی ملزم وسیم اجمل کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے اس سے قبل منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اہلیہ، بیٹی رابعہ اور داماد عمران یوسف نامزد ہوچکےہیں۔ علاوہ ازیں ان کے دونوں بیٹے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے خلاف بھی منی لانڈرنگ کے مقدمات چل رہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیے: نیب نے شہباز شریف کے خلاف ایک اور میگا کرپشن کیس کھول لیا

گزشتہ روزاحتساب بیورو نیب لاہور نے سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے دور میں اسپتالوں کے لئے مبینہ طور پر مہنگی ادویات خریدنے اور اسپتالوں کا سامان مہنگے داموں خرید کر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔