ٹرمپ نے دھاندلی نہ ماننے والے الیکشن سیکیورٹی چیف کو برطرف کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 18 نومبر 2020
اس سے قبل صدر ٹرمپ سیکریٹری دفاع کو بھی برطرف کرچکے ہیں(فوٹو، فائل)

اس سے قبل صدر ٹرمپ سیکریٹری دفاع کو بھی برطرف کرچکے ہیں(فوٹو، فائل)

 واشنگٹن ڈی سی: صدرٹرمپ نے الیکشن میں دھاندلی کے دعوؤں سے متضاد مؤقف رکھنے والے انتخابی سیکیورٹی کے اعلیٰ عہدے دار کو برطرف کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کو امریکی صدر نے اعلان کیا کہ انہوں نے سائبر سیکیورٹی اور انفرااسٹرکچر سیکیورٹی ایجینسی (سیسا) کے چیف کرس کریبس کو انتخابات کی شفافیت کے بارے میں خلاف حقیقت تبصرے کی بنیاد پر عہدے سے برطرف کردیا ہے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے تاحال انتخابی نتائج تسلیم نہیں کیے ہیں اور امریکی صدارتی الیکشن میں دھاندلی اور ووٹ چوری ہونے کے دعوؤں پر قائم ہیں اور  مختلف ریاستوں میں نتائج رکوانے کے لیے قانونی جنگ بھی لڑ رہے ہیں۔

یہ خبر بھی دیکھیے: ٹرمپ الیکشن میں دھاندلی کے بیانیے پرقائم، کورونا سے متعلق نئے دعوے

دوسری جانب امریکی انتخابات کی سائبر سیکیورٹی یقینی بنانے کی ذمے داری ادا کرنے والے کرس کریبس نے صدر ٹرمپ کے دعوؤں کے برخلاف حالیہ انتخابات کو امریکی تاریخ کا ’’محفوظ ترین‘‘ انتخاب قرار دیا جس کی بنیاد پر انہیں برطرف کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: ٹرمپ امریکی تاریخ کے بد ترین صدر تھے؟

انتخابات میں ناکامی کے بعد صدر ٹرمپ وزیر دفاع مارک ایسپر کو بھی عہدے سے برطرف کرچکے ہیں جب کہ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ جنوری میں سبکدوش ہونے سے قبل  وہ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر وارے اور سی آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل جنا ہیسپل کو بھی برطرف کرکے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔