عرب امارات نے پاکستان سمیت 12 ممالک کیلئے وزٹ ویزا معطل کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 18 نومبر 2020
امارات نے پاکستان سمیت 12 ممالک کے لیے وزٹ ویزا کا اجرا معطل کردیا ہے(فوٹو، فائل)

امارات نے پاکستان سمیت 12 ممالک کے لیے وزٹ ویزا کا اجرا معطل کردیا ہے(فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت 12 ممالک کے لئے عارضی طور پر نئے وزٹ ویزوں کا اجراء معطل کردیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے ویزوں میں عارضی پابندی کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت 12 ممالک کے لئے عارضی طور پر نئے وزٹ ویزوں کے اجراء کو معطل کردیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے پہلے سے جاری کردہ ویزوں پر معطلی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امید کرتے ہیں کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے امارات کے  ویزوں پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے ہم اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام سے باضابطہ تصدیق کے خواہاں ہیں۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے غیر معینہ مدت تک متعدد ممالک کے شہریوں کے لیے انٹری پرمٹ اور ویزوں کا اجراء روک دیا ہے ان ممالک میں پاکستان، یمن، شام، ایران، عراق، ترکی، افغانستان، لبنان، لیبیاء ،کینی، تیونس اور صومالیہ شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔