کورونا وائرس میں مبتلا ملزمان کی عدالتوں میں پیشی کا انکشاف

کورٹ رپورٹر  جمعرات 19 نومبر 2020
ملزمان کولانیوالے پولیس افسران کوقرنطینہ کرکے تھانوں کے عملے کے فوری کوروناتشخیصی ٹیسٹ کرائے جائیں،عدالت۔ فوٹو: فائل

ملزمان کولانیوالے پولیس افسران کوقرنطینہ کرکے تھانوں کے عملے کے فوری کوروناتشخیصی ٹیسٹ کرائے جائیں،عدالت۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پولیس کی غفلت سے عدالتوں میں کورونا وائرس کا خوف پھیل گیا جب کہ پولیس رپورٹ مثبت آنے پر بھی کورونا وائرس میں مبتلا ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے لگی۔

سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالتوں میں مزید 3 کورونا کے مریض ملزمان کو ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے پیش کیا گیا، عیدگاہ تھانے کی حدود سے گرفتار معراج الدین اور بلوچ کالونی تھانے کی حدود سے گرفتار ساجد جاوید کورونا کے مریض نکلے، پولیس کی غفلت پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے آئی جی سندھ اور پولیس حکام کو خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے شکار مریض ملزمان کو عدالت لانے والے پولیس افسران کو فوری طور پر قرنطینہ کیا جائے، متعلقہ تھانوں کے عملے کے فوری کورونا تشخیصی ٹیسٹ کرائے جائیں گرفتار ملزمان اور قیدیوں میں کورونا پھیلنے سے عدالتوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

سرکاری وکیل کے مطابق پولیس کورونا کے شکار مریض ملزمان کو عدالتوں میں پیشی کے لیے لے آتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔