اسلام آباد میں بیٹھی حکومت جنوری تک مہمان ہے، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  جمعرات 19 نومبر 2020
گلگت بلتستان کےعوام نےوفاق کو عدم اعتماد کا ووٹ دیا، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی۔ فوٹو : فائل

گلگت بلتستان کےعوام نےوفاق کو عدم اعتماد کا ووٹ دیا، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی۔ فوٹو : فائل

گلگت بلتستان: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلیوں سے آزادی لے کر رہیں گے اور اسلام آباد میں بیٹھی حکومت جنوری تک مہمان ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے وفاق کو عدم اعتماد کا ووٹ دیا اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے سب سے زیادہ ووٹ لیے، جی بی 21 میں پولنگ باکس چوری ہوا ہے، سازش کے تحت عورتوں کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا گیا جب کہ الیکشن کمشنر نے ہمارے امیدوار کو انتخابی مہم کا حصہ نہیں بننے دیا۔

بلاول بھٹو زداری نے کہا کہ ہمارے کارکن سرد موسم میں بھی احتجاج کر رہے ہیں، انتخابی نتائج کا سامنے نہ آنا متنازع ہے، ایک تصویر میں چیف الیکشن کمشنر گورنر کے ساتھ بیٹھے ہیں، ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں یہ مک مکا ہے، چیف الیکشن کمشنر سے تصویر کی وضاحت چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  گلگت بلتستان کے عوام کو بیچ دیا گیا، ڈھٹائی سے کہا جا رہا ہے کہ الیکشن شفاف تھے، الیکشن کمیشن جواب دینے کے بجائے پی ٹی آئی کی حکومت بنانے میں لگا ہے، یہ الیکشن کمیشن نہیں پی ٹی آئی کا ونگ ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ الیکشن کمشنر اپنے عہدے کا پاس نہیں رکھ سکے، گلگت بلتستان میں ووٹ پر ڈاکا نامنظور کا نعرہ اٹھ رہا ہے، کٹھ پتلیوں سے آزادی لے کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھی حکومت جنوری تک مہمان ہے، پی ٹی آئی ابھی تک وزیراعلیٰ کا فیصلہ نہیں کر سکی، یہ ہر رکن کے پاس جا کر کہہ رہے ہیں تم وزیراعلیٰ ہو، آزاد امیدوار صرف جنوری تک انتظار کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔