انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں پھر اضافہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 19 نومبر 2020
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالرکی 160روپے62 پیسے پر بند ہوئی ہے۔ فوٹو: فائل

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالرکی 160روپے62 پیسے پر بند ہوئی ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: زرمبادلہ کی انٹربینک اور اوپن مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔

زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعرات کو دوسرے دن بھی ڈالر کی اڑان برقرار رہی جس سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 160 روپے سے تجاوز کرگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں 161 روپے کی سطح پر پہنچ گئی جو گزشتہ تین ہفتے کی بلند سطح ریکارڈ کی گئی ہے۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالرکی قدر 79 پیسے کے اضافے سے 160 روپے 62 پیسے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 80 پیسے کے اضافے سے 161 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ منی مارکیٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی مالیت کی ادائیگی کے لیے ڈالر کی خریداری سے انٹربینک مارکیٹ میں دباؤ بڑھ گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز سے ڈالرکی قدر میں مستقل اضافے کے رجحان سے یہ بھی تاثر پیدا ہورہا تھا کہ اب ریورس ریلی شروع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے درآمدی شعبوں کی جانب سے ڈالر کی ڈیمانڈ بھی بڑھ گئی ہے جو ڈالر کی اڑان کا باعث بن گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔