قائداعظم کا پاکستان سیاستدانوں کی سیاست کی بھینٹ چڑھ رہا ہے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 25 دسمبر 2013
بانی پاکستان کے یوم ولادت پر شاہد غوری، حنیف طیب، الطاف شکور اور دیگر کے پیغامات  فوٹو: فائل

بانی پاکستان کے یوم ولادت پر شاہد غوری، حنیف طیب، الطاف شکور اور دیگر کے پیغامات فوٹو: فائل

کراچی:  پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے قائد اعظم محمد علی جناح  کے 137 ویں یوم ولادت کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ آج ہمیں غلامی کی زنجیروں کو قومی شعور سے توڑنے کا عہد کرنا ہو گا۔

قائداعظم کا پاکستان سیاستدانوں کی سیاست کی بھینٹ چڑھ رہا ہے اس لیے نظریاتی ریاست کو بچانے کیلیے عوام کو مفاد پرستانہ سیاست کے خلاف سڑکوں پر نکلنا ہو گا، پاکستان سنی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہاہے کہ قائداعظم محمدعلی جناح کی سیاسی جدوجہد کے اصول اور انکی فکر ہی برطانوی ذہنیت رکھنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، قائداعظم تاریخی اعتبار سے برطانوی تسلط کے ظلم وجبر کیخلاف نہ صرف متحرک رہے بلکہ اپنی سیاسی بصیرت سے برطانوی تسلط کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے  پارٹی کے رہنمائوں شبیر احمد قاضی ، الحاج محمد رفیع ، صاحبزادہ سعیدامینی ایڈووکیٹ ، پیر زادہ غلام حسین چشتی اور سید ارشد عقیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ بات باعث اعزاز ہے کہ مزار قائد کے نیچے والے حصے میں ایوان ِ نواردات ِ قائداعظم کے نام سے جو میوزیم ہے۔

اس کے بنانے کا فیصلہ قائداعظم مزار منیجمنٹ بورڈ کے اجلاس میں میری صدارت میں میری تحریک میں ہوا اور صرف چند ماہ میں یہ میوزیم مکمل ہوا اور 23مارچ 1987ء میں اسکا افتتاح کرنے کا شرف بھی مجھے حاصل ہوا، 1985کے انتخابات میں میرے حلقہ انتخاب میں قائد اعظم کا مزار اور اس سے ملحق علاقہ شامل تھا،آج قائد اعظم کے مزار پر پاکستان بنانے کیلیے بابائے قوم کی خدمات کو سلام پیش کرنے کیلیے آنے والے ملک بھر سے افراد جب اس میوزیم کو دیکھتے ہیں تو انھیں بابائے قوم کی زندگی کے مختلف زاویوں سے سمجھنے کا موقع ملتا ہے، پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پرکہا ہے کہ ہمیں قائد کے فرمان اتحاد ، تنظیم ، یقین محکم پر عمل پیرا ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ایک متحد قوم کی حیثیت سے کام کرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔