جارجیا میں دوبارہ گنتی میں بھی صدر ٹرمپ کو شکست

ویب ڈیسک  جمعـء 20 نومبر 2020
جوبائیڈن 20 جنوری کو صدر کے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے، فوٹو : فائل

جوبائیڈن 20 جنوری کو صدر کے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے، فوٹو : فائل

جارجیا: امریکی رياست جارجیا میں انتخابی اہلکاروں کی جانب سے دوبارہ گنتی کی گئی جس میں جوبائیڈن کی فتح برقرار رہی اور صدر ٹرمپ کی اس حکمت عملی میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات کے دوران رياست جارجیا میں ووٹوں کی گنتی الیکٹرانک مشین سے کی گئی تھی جس میں فتح حیران کن طور پر جوبائیڈن کے نام رہی تھی کیونکہ جارجیا میں ڈیموکریٹس کو 25 سال سے شکت کا سامنا تھا۔

ڈیموکریٹ امیدوار کی غیر متوقع کامیابی کے بعد جارجیا میں دوبارہ گنتی کا فیصلہ کیا گیا اور اس بار مشین کے بجائے انسانی ہاتھوں سے گنتی ہوئی تاہم اس بار بھی فتح جوبائیڈن کے نام رہی۔ جارجیا میں فتح سے جوبائیڈن کے 16 الیکٹورل ووٹس کا اضافہ ہوا تھا۔

جارجیا میں آخری بار ڈیموکریٹ کے امیدوار بل کلنٹن نے کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد دو بار باراک اوباما کو اس ریاست سے شکست کا سامنا تھا تاہم جوبائیڈن اس بار جارجیا میں ڈیموکریٹس کا اعتماد بحال کرانے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخاب میں 306 الیکٹورل ووٹس لیکر جوبائیڈن کامیاب قرار پائے جب کہ ان کے مدمقابل صدر ٹرمپ کو 232 الیکٹورل ووٹس مل سکے۔ جوبائیڈن 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔