اس سال کورونا کی 2 ویکسینز کی منظوری دی جا سکتی ہے، یورپی یونین

ویب ڈیسک  جمعـء 20 نومبر 2020
یورپی یونین کمیشن نے فائزر اور موڈرنا کی کورونا ویکسنز کی منظوری کا عندیہ دیا ہے، فوٹو : ٹویٹر

یورپی یونین کمیشن نے فائزر اور موڈرنا کی کورونا ویکسنز کی منظوری کا عندیہ دیا ہے، فوٹو : ٹویٹر

برسلز: یورپی یونین نے رواں برس کے آخر تک فائزر اور موڈرنا کی کورونا وائرس کی ویکسینز کی منظوری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیر لائن نے ویڈیو پریس کانفرس میں بتايا کہ دوا ساز کمپنی فائزر اور موڈرنا کی جانب سے کامیابی کے ساتھ رضاکاروں پر آزمائش کی گئی کورونا ویکسینز کو آئندہ ماہ کے اختتام سے قبل منظور کیا جا سکتا ہے۔

یورپی یونین کمیشن کی صدر نے مزید بتایا کہ ویکسینز کی منظوری کی تمام تیاریاں مکمل ہیں اور اگر کوئی رکاوٹ پیش نہ آئی تو دسمبر کے آخر تک مارکیٹنگ کی مشروط اجازت دی جاسکتی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : امریکی اور جرمن کمپنیوں نے کورونا ویکسین تیار کرلی

یورپی یونین کمیشن نے اس سے قبل تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہونے والی 5 کورونا ویکسینز کے لیے اسٹرازنیکا، سنوفی ایون ٹس، جنسین، فائزر اور بائیوٹک سے ویکسین کے حصول کے لیے یورپی دوا ساز کمپنی ’کیور ویک‘ کو اختیارات تفویض کرنے کا معاہدہ بھی کیا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : نئی کورونا ویکسین کی تیاری میں ترک جوڑے کا نمایاں کردار

قبل ازیں یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ یورپی یونین فائزر اور بیون ٹیک کی مشترکہ طور پر تیار کردہ ویکسین کی 300 ملین خوراکیں 4.65 ارب یورو میں خریدے گی یعنی فی ڈوز 15.5 یورو ہوں گے۔

واضح رہے کہ امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے بیون ٹیک کے اشتراک سے کورونا ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کی 40 ہزار سے زائد افراد پر آزمائش کی گئی اور جسے 90 فیصد تک زود اثر و محفوظ پایا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔