ورلڈ ٹی 20 کی میزبانی،کولکتہ اور رانچی مضبوط امیدوار؟

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 25 دسمبر 2013
پاکستان کی ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی کے بعد مقابلے بھارت میں کرائے جانے کے امکانات بڑھ گئے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کی ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی کے بعد مقابلے بھارت میں کرائے جانے کے امکانات بڑھ گئے۔ فوٹو: فائل

کولکتہ: بنگلہ دیش میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی میزبانی کیلیے کولکتہ اور رانچی متبادل وینیوز کے طور پر سامنے آگئے۔

بھارتی میڈیاکے مطابق پاکستان کی ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی کے بعد مقابلے بھارت میں کرائے جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈھاکا میں ہوٹل کے باہر بم دھماکے کے بعد ویسٹ انڈین انڈر 19ٹیم دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس لوٹ گئی تھی، بعد ازاں ملاعبدالقادر کو پھانسی دیے جانے پر ماحول مزید کشیدہ ہوگیا، پاکستان میں قرارداد منظور کیے جانے پر مخالفین کی طرف سے مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع ہوا، پی سی بی نے دبے الفاظ میں تحفظات کا اظہار کیا۔

 photo 4_zpsc291e6ea.jpg

دوسری طرف وزارت خارجہ کے ذریعے صورتحال پر نظر بھی رکھی جارہی ہے، ان حالات میں بنگلہ دیش میں ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے انعقاد پر خدشات کے بادل منڈلا رہے ہیں، بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی کی خراب صورتحال خاص طور پر پاکستان کی طرف سے تحفظات کے اظہار نے بنگلہ دیش کی میزبانی پر سوالیہ نشان لگا دیا،آئی سی سی بھی شریک ٹیموں کی سیکیورٹی کو بڑی اہمیت دیتی اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، متبادل وینیوز کے طور پر کولکتہ اور رانچی مضبوط امیدوار ہیں، حتمی فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہی ہوگا تاہم بھارت مقابلے کرانے کیلیے تیار ہے۔ یاد رہے کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20کا آغاز 16مارچ سے ہونا ہے،اس دوران بھارت میں بھی الیکشن کی سرگرمیاں عروج پر ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔