نواز شریف پی ڈی ایم کے پشاور جلسے سے خطاب نہیں کریں گے

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 نومبر 2020
مریم نواز کے مطابق شدید تکلیف کے باعث نواز شریف پشاور جلسے سے خطاب نہیں کریں گے(فوٹو، فائل)

مریم نواز کے مطابق شدید تکلیف کے باعث نواز شریف پشاور جلسے سے خطاب نہیں کریں گے(فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف اتوار کو پشاور میں ہونے والے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب نہیں کریں گے۔

ٹوئٹر پر ایک صارف کی جانب سے دریافت کرنے پر مسلم لیگ ن کی نائب مرکزی صدر نے تصدیق کی ہے کہ طبیعت کی خرابی کے باعث نواز شریف حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے پشاور میں ہونے والے جلسے سے خطاب نہیں کرسکیں گے۔

صارف کو جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے ٹوئٹ کیا کہ پشاور میں خطاب نہیں کرسکیں گے کیوں کہ ابھی بھی بہت تکلیف ہے۔

واضح رہے اس سے قبل نواز شریف اچانک طبیعت کی خرابی کی وجہ سے اسپتال منتقل ہونے کے باعث 17 نومبر کو ہونے والی پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوسکے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: نوازشریف طبیعت اچانک بگڑنے پر اسپتال منتقل

اس روز نواز شریف ویسٹ لندن اسپتال گئے جہاں ان کا سی ٹی اسکین کیا گیا اور خون کے نمونے بھی لیے گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق انہیں گردے میں درد کی شکایت بتائی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ  ان کے گردے میں پتھری کا علاج جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔