’’ارطغرل غازی‘‘ کو برانڈ ایمبیسیڈر بنانے والی پاکستانی ہاؤسنگ سوسائٹی قبضہ مافیا نکلی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 21 نومبر 2020
ترک اداکار اور بلیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے درمیان معاہدہ سائن ہونے کی فائل فوٹو

ترک اداکار اور بلیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے درمیان معاہدہ سائن ہونے کی فائل فوٹو

راولپنڈی  : اینٹی کرپشن راولپنڈی نے ارطغرل غازی کے کردار کو برانڈ سفیر بنانے والی ہاؤسنگ سوسائٹی پر سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرادیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق بلیو ہاؤسنگ سوسائٹی میں بڑی کرپشن کا سراغ لگایا گیا ہے، یہ سوسائٹی غیر رجسٹرڈ اور غیر منظور شدہ ہے جس نے 1172 کنال سرکاری زمین پر قبضہ کر رکھا ہے، یہ 1137 کنال وفاقی جبکہ 35 کنال 10 مرلہ صوبائی حکومت کی زمین کو غیر قانونی طور پر قبضہ کر کے اپنی حدود میں شامل کرچکی ہے۔

اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق بلیو ورلڈ سوسائٹی غیر قانونی طور پر پلاٹنگ کرکے سرکاری زمین بھی بیچ رہی ہے، سوسائٹی منظوری سے پہلے ہی غیر قانونی طور پر مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کرکے سادہ لوح عوام کو لوٹ رہی ہے، سوسائٹی کے مالکان نے ضلعی انتظامیہ، متعلقہ پٹواری اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایت پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن کنول بتول نقوی نے اس میگا کرپشن کیس پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا اور بلیو ورلڈ سٹی کے مالک سعد نذیر، چوہدری ندیم اعجاز، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جمشید آفتاب، ڈپٹی ڈائریکٹر طاہر مئیو سمیت 7 افراد پر مقدمہ درج کرادیا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام نے مزید کہا کہ ادارہ پنجاب بھر میں بدعنوان عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ ترکی ڈرامہ ’’ارطغرل غازی‘‘ کے مرکزی کردار ’’انگین آلتان دوزیاتان‘‘ کو ہاؤسنگ سوسائٹی نے اپنا برینڈ ایمبیسڈر مقرر کیا ہوا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔