پولٹری مصنوعات کی برآمد پر ڈیوٹی ڈرا بیک دینے کا فیصلہ

ارشاد انصاری  پير 23 نومبر 2020
2 فیصد ایڈوانس ٹیکس ادائیگی پرٹیکسٹائل کے کیمیکلز،ڈائز ودیگر اشیا درآمد کرنیکی اجازت
۔ فوٹو:فائل

2 فیصد ایڈوانس ٹیکس ادائیگی پرٹیکسٹائل کے کیمیکلز،ڈائز ودیگر اشیا درآمد کرنیکی اجازت ۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد:  حکومت نے پولٹری اندسٹری کو فروغ دینے کیلیے انڈوں،مرغی، زندہ چکن،چوزوں کی پیداوار کیلیے انڈوں اور گوشت سمیت مجموعی طور پر8 پولٹری مصنوعات کی برآمد پر 0.78 فیصد سے 3.12 فیصد تک ڈیوٹی ڈرا بیک کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلیے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘کو دستیاب نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر نے پولٹری انڈسٹری کو مراعات دینے کیلیے 5 مارچ 2009 کو جاری ہونے والے ایس آر او میں ترامیم کردی ہیں۔ ترمیمی نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پولٹری انڈسٹری کی جانب سے انڈوں سے چوزوں کی پیداوار،برائلر چوزوں کی پیداوار کیلیے انڈوں،چکن سمیت دیگر پولٹری مصنوعات کی تیاری کیلیے استعمال ہونے والے109 اقسام کے خام مال کی درآمد سے پیدا ہونے والی 7 اقسام کی پولٹری مصنوعات برآمد کرنے پر 0.78 فیصد سے 3.12 فیصد تک ڈیوٹی ڈرا بیک کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔

دریں اثنا وفاقی حکومت نے ایف بی آر کو  اسمگلنگ کی کمائی سے جائیدادیں بنانے والوں کا سراغ لگاکر ان کے خلاف کارروائی کرنے اور15 دن کیلیے منقولہ و غیر منقولہ جائیدایں منجمد کرنے کے اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 15 دن کی میعاد ختم ہونے سے قبل منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا آرڈر اسپیشل جج کسٹمز کی عدالت میں پیش کرنا ہوگا جس میں جائیداد منجمد کرنے کی وجہ بیان کرنا ہوگی جس کے بعد اسپیشل جج کسٹمزمنقولہ و غیر منقولہ جائیداد منجمد کرنے کے احکامات کو مزید جاری رکھنے یا نہ رکھنے بارے فیصلہ کرے گا ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔