عالمی ومقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی

اسٹاف رپورٹر  پير 23 نومبر 2020
صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 112850روپے ہو گئی ہے (فوٹو: فائل)

صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 112850روپے ہو گئی ہے (فوٹو: فائل)

 کراچی: عالمی مارکیٹ میں کمی کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی  واقع ہو گئی ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 6ڈالر گھٹ کر 1866ڈالر کی سطح پرپہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 450 روپے اور385روپے کی کمی واقع ہوئی۔

قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 112850روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت 96751 روپے ہوگئی۔

بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 2000روپے کم رہی ہے۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 20روپے کی کمی سے 1210روپےاور فی دس گرام چاندی کی قیمت 17روپے 14پیسے کی کمی سے 1037روپے 38 پیسے ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔