جی ہاں! لوگ اب بھی 12345 بطور پاس ورڈ استعمال کررہے ہیں!

ویب ڈیسک  منگل 24 نومبر 2020
دنیا میں اب بھی آن لائن ایسے مضحکہ خیز اور آسان پاس ورڈ استعمال ہورہے ہیں جنہیں آسانی سے ہیک کیا جاسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

دنیا میں اب بھی آن لائن ایسے مضحکہ خیز اور آسان پاس ورڈ استعمال ہورہے ہیں جنہیں آسانی سے ہیک کیا جاسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

 واشنگٹن: انسان کی سہل پسندی اس کے انتہائی اہم آن لائن اکاؤنٹس کے پاس ورڈز میں بھی نظر آتی ہے۔ اب یہ حال ہے کہ بہت آسانی سے یاد رہنے والا پاس ورڈ 12345 دنیا بھر میں تاحال استعمال ہورہا ہے۔

ایک نئی تحقیق کے مطابق12345 سمیت بہت آسانی سے ہیک ہوجانے والے پاس ورڈ یعنی 123456789، password اور iloveyou اب بھی پاس ورڈ کے طور پر استعمال ہورہے ہیں۔

2020 میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق دنیا میں اب بھی ایسے 2,543,285 افراد ہیں جو 123456 کو بطور پاس ورڈ استعمال کررہے ہیں۔ یہ سروے پاس ورڈ پر نظر رکھنے والی ایک کمپنی نورڈ پاس نے کیا ہے۔ کمپنی کےمطابق یہ تمام پاس ورڈ بہت آسان ہے اور سیکنڈوں میں ہیک ہوجاتی ہے ہیکرز اکاؤنٹ حاصل کرسکتےہیں۔

نورڈ پاس میں سائبرسیکورٹی کے ماہرین نے بتایا کہ ایسے لوگوں کو پاس ورڈؑ تبدیل کرنے کی بار بار درخواست کی جاتی ہے لیکن وہ اس پر دھیان نہیں دیتے اور سال 2019 کی طرح اس سال بھی دنیا بھر میں یہ آسان پاس ورڈ والے اکاؤنٹ استعمال ہورہے ہیں۔

نورڈ پاس کمپنی نے اپنی تحقیق میں بتایا کہ اس سروے میں تھرڈ پارٹی نے کل 275,699,516 پاس ورڈ دیکھے اور ان میں بہت کمزوری دیکھی گئی۔ اس سال کے دس آسان ترین پاس ورڈ میں picture1 اور senha شامل ہیں جبکہ پرتگالی زبان میں پاس ورڈ کو senha ہی کہا جاتا ہے۔ کمپنی کے مطابق سال 2020 میں آسان ترین پاس ورڈ کی فہرست یہ ہے:

123456

123456789

picture1

Password

12345678

111111

123123

12345

1234567890

Senha

اگر اس فہرست میں آپ کا پاس ورڈ بھی ہے تو مشورہ مفت ہے کہ فوری طور پر اسے بدل پر کوئی مضبوط پاس ورڈ دیدیجئے۔ پاس ورڈ دیتے وقت ڈکشنری کے الفاظ، نام کے ساتھ سالِ پیدائش وغیرہ استعمال نہ کیجئے بلکہ اسپیشل کیز اور حروف سے بھی مدد لیجئے۔

نورڈ پاس کا ایک اور مشورہ ہے کہ ہر تین ماہ بعد اپنا پاس ورڈ بھی ضرور تبدیل کیجئے جن میں اپر اور لوور کیس بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔