بزرگ شہری نے مگرمچھ کا جبڑا چیر کر پالتو کتا چھڑا لیا، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  منگل 24 نومبر 2020
سوشل میڈیا صارفین نے 74 سالہ ولبینکس کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’’فلوریڈا کا اصل آدمی‘‘ کا خطاب بھی دیا ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب اسکرین گریب)

سوشل میڈیا صارفین نے 74 سالہ ولبینکس کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’’فلوریڈا کا اصل آدمی‘‘ کا خطاب بھی دیا ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب اسکرین گریب)

فلوریڈا: رچرڈ ولبینکس کی عمر 74 سال ہے اور وہ امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے ایسٹیرو کے رہائشی ہیں۔ گزشتہ ہفتے انہوں نے ایک حملہ آور مگرمچھ کا جبڑا چیر کر اپنے پالتو کتے کو چھڑا لیا۔ جنگلی حیات کی ایک مقامی تنظیم کے خودکار کیمرے نے یہ تمام منظر ویڈیو کی شکل میں محفوظ کرلیا جسے اگلے ہی روز سوشل میڈیا پر جاری کردیا گیا اور یہ ویڈیو وائرل ہوگئی۔

یوٹیوب کے درجنوں میڈیا چینلز پر یہ ویڈیو جزوی یا مکمل طور پر رکھی گئی ہے اور اب تک دس لاکھ سے زیادہ افراد اسے دیکھ چکے ہیں جبکہ ہزاروں مرتبہ شیئر بھی کرا چکے ہیں۔

مختصر سی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تالاب میں ایک مگرمچھ نے چھوٹے پالتو کتے کو اپنے جبڑے میں جکڑا ہوا ہے لیکن قریب ہی ایک بزرگ شہری تالاب میں اتر کر اس مگرمچھ کو اٹھاتے ہیں جو خاصی کم جسامت کا ہے۔

مگرمچھ کو تالاب کے کنارے پر لاکر پٹخنے کے بعد وہ اس کا جبڑا اپنے دونوں ہاتھوں سے پکڑ کر کھولنے کےلیے زور لگاتے ہیں۔ چند سیکنڈ بعد ہی وہ مگرمچھ اپنا جبڑا کھولنے پر مجبور ہوجاتا ہے اور بزرگ کا پالتو کتا دوڑ کر وہاں سے بھاگ جاتا ہے۔

ولبینکس نے مقامی ٹیلی ویژن کو گفتگو میں بتایا کہ وہ اپنے پالتو کتے کو ٹہلانے کےلیے گھر سے کچھ دور ایک سرسبز جگہ لے گئے تھے جہاں درختوں کے بیچ میں ایک تالاب بھی تھا۔ ابھی وہ تالاب کے کنارے سے گزر ہی رہے تھے کہ تالاب کے پانی میں چھپا ہوا ایک چھوٹا مگرمچھ اچانک باہر نکلا اور کتے کو اپنے جبڑے میں دبا کر بہت تیزی سے تالاب میں غائب ہوگیا۔

مگرمچھ کے پیچھے پیچھے ولبینکس بھی تالاب میں اتر گئے، مگرمچھ کو اپنے ہاتھوں میں پکڑ کر پانی سے باہر نکال لیا اور پھرتی سے کنارے پر لے آئے۔

تالاب کے کنارے پر انہوں نے مگرمچھ کو زمین پر گرایا اور دونوں ہاتھوں سے زور لگا کر اس کا جبڑا چیر دیا۔ چند سیکنڈوں میں مگرمچھ کا جبڑا کھل گیا اور کتا آزاد ہو کر دوڑتا ہوا وہاں سے دور چلا گیا۔

خوش قسمتی سے اس کتے کے جسم پر صرف ایک زخم آیا لیکن ولبینکس کے دونوں ہاتھ زخمی ہوگئے۔ البتہ یہ زخم معمولی نوعیت کے تھے اور فوری طبّی امداد کے بعد ہی ان کی تکلیف کم ہونا شروع ہوگئی۔

سوشل میڈیا صارفین نے 74 سالہ ولبینکس کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’’فلوریڈا کا اصل آدمی‘‘ کا خطاب بھی دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔