سعودی عرب کا 70 فیصد شہریوں کو کورونا ویکسین مفت فراہم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 24 نومبر 2020
آئندہ برس کے اختتام تک شہریوں کو کورونا ویکسین لگادی جائیں گی، سعودی وزیر صحت (فوٹو : فائل)

آئندہ برس کے اختتام تک شہریوں کو کورونا ویکسین لگادی جائیں گی، سعودی وزیر صحت (فوٹو : فائل)

ریاض: سعودی عرب نے اپنے 70 فیصد شہریوں اور تارکین وطن کو کورونا ویکسین کی مفت فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت صحت نے آئندہ سال کے اختتام تک ملک بھر میں کورونا ویکسین مفت لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ سال کے ابتدا سے شروع ہونے والی مہم میں کورونا ویکسین اُن 70 فیصد 16 سال سے بڑے افراد کو لگائی جائے گی جنہیں کوویڈ-19 کا مرض نہ ہوا ہو۔

اس حوالے سے سعودی عرب نے دواؤں کی تجارت کرنے والی کمپنی کوویکس آرگنائزیشن سے رجوع کیا ہے، جو کورونا ویکسین کو مینوفیکچرر سے پوری دنیا میں تقسیم کے لیے کام کرتی ہے اور اس کی فنانسنگ میں جی-20 کا بہت بڑا کردار ہے۔

اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کے سیکرٹری برائے پریوینٹیو ہیلتھ ڈاکٹر عبداللہ اسیری نے اس سہولت کے ذریعے بڑی تعداد میں ویکسین آئندہ برس کے آغاز تک حصول کا امکان ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ چین، امریکا، برطانیہ اور جرمنی کی کمپنیوں نے ویکسین کی تیاری کا دعویٰ کیا ہے جب کہ فائزر نے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے منظوری کے لیے بھی رجوع کرلیا ہے تاہم اصل امتحان ویکسین کی منصفانہ تقسیم ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔