ماہرہ خان 100 بااثر خواتین کی فہرست میں شامل

ویب ڈیسک  منگل 24 نومبر 2020
وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا نام بھی 100 با اثر خواتین کی فہرست میں شامل ہے۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا نام بھی 100 با اثر خواتین کی فہرست میں شامل ہے۔ فوٹو : فائل

بی بی سی نے پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان کو 100 بااثر خواتین کی فہرست میں شامل کرلیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے سال 2020 کے لیے 100 بااثر خواتین کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کے نام شامل ہیں۔ بی بی سی کے مطابق 100 بااثرخواتین کی فہرست میں ان خواتین کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے معاشرے میں تبدیلی کے لیے خود آگے آکر کردار ادا کیا اور مشکل حالات میں الگ پہچان بنائی۔

بی بی سی کے مطابق ماہرہ خان کوئی عام اداکارہ نہیں، انہوں نے ملک میں جنسی ہراسانی کی کھل کر مخالفت کی، رنگ گورا کرنے والی کریمز کی تشہیر سے منع کیا اور نسل پرستی کے خلاف جنگ کی مکمل حمایت کی۔ ماہرہ خان نے اپنے ملک میں سماجی مسائل کو فلم اور ٹی وی کے ذریعے اجاگر کیا۔

اس کے علاوہ ماہرہ خان اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر برائے مہاجرین بھی ہیں جو پاکستان میں افغان مہاجرین کو درپیش مسائل سے متعلق آگاہی مہم چلارہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔