روسی کمپنی نے کورونا ویکسین کی قیمت کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک  منگل 24 نومبر 2020
ویکسین جنوری 2021 میں عالمی سطح پر دستیاب ہوگی، فوٹو : فائل

ویکسین جنوری 2021 میں عالمی سطح پر دستیاب ہوگی، فوٹو : فائل

 ماسکو: روسی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ کورونا ویکسین ’اسپیوٹنک وی‘ جنوری 2021 میں دستیاب ہوگی جس کی پوری دنیا میں قیمت 20 ڈالر ( تین ہزار روپے) ہوگی تاہم ملک بھر میں یہ مفت میں لگائی جائے گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی کمپنی نے کورونا ویکسین ’’اسپیوٹنک وی ‘‘ کی دنیا بھر کے لیے دو خوراکوں کی قیمت 20 ڈالر مقرر کی ہے جب کہ روسی شہریوں کو یہ ویکسین مفت میں لگائی جائیں گی۔

دوا ساز کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس ویکسین کی پہلی خوراک کے 28 ویں دن 91 فیصد جب کہ دوسری خوراک کے 14 دن بعد یہ 95 فیصد تک مؤثر پائی گئی جب کہ کسی قسم کے مضر اثرارت سامنے نہیں آئے۔

روسی ویکسین کی پہلی خوراک کا تجربہ 22 ہزار جب کہ دونوں خوراکوں کی آزمائش 19 ہزار رضاکاروں پر کی گئی اور یہ تحقیق معروف عالمی سائنسی جریدے میں شائع کی جائے گی۔

یہ خبر پڑھیں :  امریکی کمپنی نے اپنی تیار کردہ کورونا ویکسین کی قیمت کا اعلان کردیا

کمپنی کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ یہ ویکسین آر این اے ویکسین کے مقابلے میں دو گنا سستی ہے جب کہ اسے 2 سے 8 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں رکھا جا سکتا ہے۔

اسپیوٹنک وی ویکسین کو گمالیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف ایپی ڈیمیولوجی اینڈ مائیکرو بائیولوجی نے تیار کیا ہے جب کہ یہ پہلی ویکسین ہے جسے روس کی وزارت صحت نے رجسٹر بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جی-20 سمٹ کے ورچوئل اجلاس سے آن لائن خطاب میں ضرورت مند ممالک کو کورونا ویکسین کی فراہمی کی پیشکش بھی کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔