گوشت نہیں کھائیں گے، تو ہڈی تڑوا بیٹھیں گے!

ویب ڈیسک  جمعرات 26 نومبر 2020
گوشت کھانے والوں کے مقابلے میں سبزی کھانے والوں میں بالخصوص کولہے کی ہڈی ٹوٹنے کی شرح دوگنا ہوتی ہے۔ فوٹو: فائل

گوشت کھانے والوں کے مقابلے میں سبزی کھانے والوں میں بالخصوص کولہے کی ہڈی ٹوٹنے کی شرح دوگنا ہوتی ہے۔ فوٹو: فائل

 لندن: اگر آپ گوشت کھانا بالکل ترک کردیں گے تو اس سے ہڈیاں نرم پڑسکتی ہیں اور فریکچر کے خطرات بھی بڑھ جائیں گے۔

ایک وسیع مطالعے سے انکشاف ہوا ہے کہ طویل عرصے تک سبزی کھانے والے افراد میں کیلشیئم اور پروٹٰین کی مقدار کم ہوتی جاتی ہے۔ یہ سلسلہ آگے بڑھتا ہے اور ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں اور یہاں تک کہ چوٹ سہنے والی بافتیں کم ہونے سے چوٹ کا اثر براہِ راست ہڈی  پر پڑتا ہے جس سے بالخصوص کولہے کی ہڈی ٹوٹ بھی سکتی ہے۔

اس سے قبل بعض تحقیقات سے معلوم ہوا تھا کہ گوشت کھانے والوں کے مقابلے میں سبزی خور افراد کی ہڈیاں چوٹ اور فریکچر سے زیادہ متاثر ہوسکتی ہیں، تاہم اس کا تفصیلی مشاہدہ اور اس کی سائنسی وجوہ پر خاص کام نہیں ہوا تھا۔  اب اس ضمن میں ایک بڑا سروے کیا گیا ہے جس میں ہزاروں افراد شامل ہیں۔

ایپک آکسفورڈ کے نام سے شروع ہونے والے اس سروے میں 1993 سے اب تک 65 ہزار افراد کا بغور جائزہ لیا گیا ہے۔ یہ سروے درحقیقت برطانیہ میں کینسرپر غذا کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ لیکن اسے مزید بیماریوں کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔ ہزاروں افراد کی غذائی عادات اور ہسپتال جانے کے واقعات کے درمیان تعلق بھی نوٹ کیا گیا۔

2010 سے اب تک گوشت خوروں کے مقابلے میں کھانے میں سبزی پسند کرنے والوں کی کولہے کی ہڈیاں ٹوٹنے کا رحجان دوگنا دیکھا گیا۔ گوشت میں صرف مچھلی اور سبزی کھانے والوں میں یہ خطرہ گوشت خوروں سے معمولی زیادہ تھا یعنی 25 فیصد تک دیکھا گیا۔ دوسری جانب صرف مچھلی اور سمندری گوشت کھانے والوں میں بھی ہڈی ٹوٹنے کا خطرہ بہت زیادہ تھا۔

ماہرین کے مطابق سبزی کھانے والوں میں اوسط دس برس میں فی ایک ہزار افراد میں 20 ہڈیاں ٹوٹ جاتی ہیں جس کی شرح تو کم ہے لیکن ان میں فریکچر یعنی ہڈی کے متاثر یا بال چٹخنے کی شرح بہت زیادہ ہوتی ہے۔ بالخصوص بزرگ افراد میں کولہے کی ہڈیاں سب سے زیادہ متاثر ہوسکتی ہیں۔ اس سروے سے یہی بات سامنے آئی ہے جس میں شرکا کی اوسط عمر 45 برس تھی۔

لیکن اسی سروے سے یہ اہم بات بھی سامنے آئی ہے کہ اگر آپ مسلسل سبزی کھانا پسند کرتے ہیں تو اس سے اگلے 15 برس میں کینسر کا خطرہ 10 فیصد اور دل کی بیماری کا خدشہ بھی 20 فیصد کم ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔