ایکسپورٹرز کا پیاز کی برآمد بحال کرنے کا اعلان

بزنس رپورٹر  منگل 24 نومبر 2020
پیاز کی ایکسپورٹ از خود بند کرنے کے فیصلے کے مطلوبہ نتائج حاصل کرلیے گئے، پی ایف وی اے  ۔ فوٹو: فائل

پیاز کی ایکسپورٹ از خود بند کرنے کے فیصلے کے مطلوبہ نتائج حاصل کرلیے گئے، پی ایف وی اے ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیل ایسوسی ایشن نے سندھ کی بھرپور فصل مارکیٹ میں آنے اور قیمتوں میں 50 فیصد تک کمی کے بعد پیاز کی ایکسپورٹ بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیل ایسوسی ایشن نے مقامی سطح پر پیاز کی قیمت میں کمی لانے اور کچی پکی پیاز توڑ کر ایکسپورٹ کیے جانے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے 3 نومبر سے پیاز کی ایکسپورٹ از خود بند کردی تھی۔

پی ایف وی اے کے سرپرست اعلی وحید احمد کے مطابق پی ایف وی اے کے پیاز کی ایکسپورٹ از خود بند کرنے کے فیصلے کے مطلوبہ نتائج حاصل کرلیے گئے، سندھ کی بھرپور فصل مارکیٹ میں آگئی ہے جس سے پیاز کی قیمت جو ایکسپورٹ بند ہونے سے قبل 2800 روپے فی من تک پہنچ گئی تھی اب 1200 سے 1300 روپے من کی سطح پر آگئی ہے۔

پی ایف وی اے نے پیاز کی ترسیل اور مارکیٹ میں قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے 20 نومبر کو اجلاس بلایا جس میں صورتحال پر غور کرتے ہوئے 27 نومبر سے پیاز کی ایکسپورٹ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کو بھی مطلع کردیا ہے۔

وحید احمد کے مطابق پیاز کی ایکسپورٹ معطل کرنے سے میچور اور پوری طرح تیار فصل حاصل ہوسکی ہے جس سے کسانوں کو بھرپور فایدہ ہوگا۔

پی ایف وی اے کی حکمت عملی سے مقامی مارکیٹ میں بھی قیمت مناسب سطح پر رہیگی اور پیاز کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ ہوگا۔

ادھر کسانوں کو پیاز کی اچھی قیمت ملے گی تو وہ آئندہ سیزن بھی پیاز کاشت کریں گے ورنہ روایتی طور پر جس فصل میں ایک سال نقصان ہو کاشتکار آئندہ سال وہ فصل کاشت نہیں کرتے۔

وحید احمد کے مطابق پیاز کی ایکسپورٹ مارکیٹ میں پاکستان کو ایک ماہ کی مزید مہلت ملے گی اس دوران ایکسپورٹرز سرپلس پیاز ایکسپورٹ کرکے ملک کے لیے زرمبادلہ حاصل کرسکیں گے۔ ایک ماہ بعد بھارتی پیاز بھی انٹرنیشنل مارکیٹ میں آجائیگی جس کے بعد پاکستان کے لیے ایکسپورٹ کے مواقع محدود ہوجائیں گے۔

وحید احمد نے وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور وفاقی وزارت تجارت سے اپیل کی ہے کہ پاکستانی کاشتکاروں کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایران سے آلو اور پیاز کی درآمد پر پابندی عائد کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔