کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، اگلے دو دن تیز سرد ہوائیں چلنے کا امکان

اسٹاف رپورٹر  منگل 24 نومبر 2020
بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی شہر کے مختلف علاقوں کی بجلی بند، اگلے دو دونوں میں معمول سے تیز سرد ہوائیں چلنے کا امکان (فوٹو: فائل)

بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی شہر کے مختلف علاقوں کی بجلی بند، اگلے دو دونوں میں معمول سے تیز سرد ہوائیں چلنے کا امکان (فوٹو: فائل)

 کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے جس کے بعد موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں معمول سے زائد سرد ہوائیں چلیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سلسلے کی وجہ سے دیہی سندھ کے اضلاع لاڑکانہ اور روہڑی میں 3 ملی میٹر جبکہ سکھر میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، خیرپور اور گرد و نواح میں کہیں بوندا باندی اور کہیں پھوار ہوئی جب کہ کراچی میں شام تک بارش نہیں ہوئی لیکن رات گیارہ بجے کے بعد مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جن میں ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، سعدی ٹاؤن اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

بارش ہوتے ہی مختلف علاقوں کی بجلی بند

شہر میں بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہیں بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ان علاقوں میں فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی، طارق روڈ، مارٹن کوارٹر، اسکیم 33، شاہ فیصل کالونی سمیت اولڈ سٹی ایریا کے علاقے شو مارکیٹ، رنچھولائن، لیاری، گولیمار، پاک کالونی  شامل ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ شہر میں 200 سے زائد فیڈر متاثر ہوئے ہیں۔

منگل کو شہر کا کم سے کم پارہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 32 فیصد رہا۔ گزشتہ روز دوسرے روز بھی شہر کی فضاؤں پر دھند چھائی رہی جس کے سبب حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر ڈھائی کلومیٹر رہ گئی تھی۔ شام کے وقت شہر میں بلوچستان کی شمال مغربی ہوائیں چل پڑیں جس کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر تک بڑھ سکتی ہے، آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع خشک اور سرد رہنے اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت میں مزید 2 سے 3 ڈگری کمی ہونے کی توقع ہے۔ بدھ کو بارش کا کوئی امکان نہیں تاہم مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے، آج کم سے کم پارہ 14 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔