پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے ثبوت سیکریٹری اقوام متحدہ کو پیش کردیے

ویب ڈیسک  بدھ 25 نومبر 2020
بھارت پاکستان میں کھلم کھلا دہشت گردی کر رہا ہے،ثبوت انسداد دہشت گردی کی کمیٹی میں پیش کیے جائیں، منیر اکرم (فوٹو : فائل)

بھارت پاکستان میں کھلم کھلا دہشت گردی کر رہا ہے،ثبوت انسداد دہشت گردی کی کمیٹی میں پیش کیے جائیں، منیر اکرم (فوٹو : فائل)

 نیویارک: پاکستان نے بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے ثبوت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترس کو پیش کردیے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے صدر دفتر نیویارک میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوٹیرس سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی مندوب منیر اکرم نے بھارتی دہشت گردی کے ثبوت سے متعلق پاکستانی ڈوزئیر کی کاپی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو پیش کردی۔

مستقل مندوب منیر اکرم نے ڈوزئیر میں دئیے گئے مختلف شواہد کی روشنی میں بھارتی دہشت گردی پر سیکریٹری جنرل کو بریف کیا۔ منیر اکرم نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندر کھلم کھلا دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہا ہے، اقوام متحدہ اس کا نوٹس لے اور ڈوزئیر کی کایپاں اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کی کمیٹی میں پیش کی جائیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یقین دلایا کہ وہ رپورٹ پر غور کریں گے اور اس کا جائزہ لیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔