کورونا سے متاثرہ وکیل کی چیف جسٹس کے سامنے پیش ہونے پر کھلبلی

ویب ڈیسک  بدھ 25 نومبر 2020
چیف جسٹس کے حکم پر بیرسٹر عدنان عدالت سے چلے گئے فوٹو: فائل

چیف جسٹس کے حکم پر بیرسٹر عدنان عدالت سے چلے گئے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کے روبرو زیر سماعت کیس کے وکیل کی جانب سے خود کو کورونا کا مریض بتانے پر عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر ایک میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد مقدمے کی سماعت کررہے تھے کہ ایک فریق کے وکیل بیرسٹر ڈاکٹر عدنان خان عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے چیف جسٹس کے روبرو انکشاف کیا کہ وہ کورونا کے مریض ہیں، جس پر عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔

چیف جسٹس نے متاثرہ وکیل سے استفسار کیا کہ آپ عدالت میں کیوں آئےہیں؟ آپ دوسروں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، جس پر متاثرہ وکیل نے کہا کہ آج ہائیر یجوکیشن کے لیکچررز کااہم کیس لگا ہوا تھا اس لیے آ گیا۔

جسٹس گلزار احمد نے بیرسٹر عدنان کو حکم دیا کہ وہ فوراً کمرہ عدالت سے چلے جائیں، اور اپنے دلائل تحریری طور پر دے دیں۔ چیف جسٹس کے حکم پر بیرسٹر عدنان عدالت سے چلے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔