یمن کی سرحد کے نزدیک سعودی ساحل پر آئل ٹینکر میں پُراسرار دھماکا

ویب ڈیسک  بدھ 25 نومبر 2020
جہاز کو بارودی سرنگ دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، کمپنی کا دعویٰ (فوٹو : فائل)

جہاز کو بارودی سرنگ دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، کمپنی کا دعویٰ (فوٹو : فائل)

ریاض: یمن کی سرحد کے قریب بحیرہ احمر میں تیل کے ٹینکر میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں بحری جہاز کو نقصان پہنچا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے ساحلی علاقے شقیق پر تیل ٹینکر میں زوردار دھماکا ہوا ہے۔ یونان کے زیر انتظام ایم ٹی ایگری نامی جہاز پر مالٹا کا پرچم لہرا رہا ہے۔

جہاز برداری کی کمپنی نے میڈیا بتایا کہ یہ جہاز اب بھی سمندر پر تیر رہا تھا اور اس پر سعودی حکام سوار بھی موجود تھے تاہم سعودی حاکم نے فوری طور پر واقعے کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر راکٹ حملہ 

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ جہاز کو ایک میٹر کے فاصلے سے نشانہ بنایا گیا جس سے ٹینکر میں خرابی پیدا ہوگئی۔ خوش قسمتی سے عملہ محفوظ ہے۔ دھماکے سے جہاز میں پڑنے والے سوراخوں کو بھر دیا گیا ہے اور وہ منزل کی جانب رواں ہے۔

ادھر برطانیہ کی ایک سیکیورٹی کمپنی ’ایمبری‘ نے دھماکے کی اطلاع دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جہاز کو بارودی سرنگ دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔ نیدرلینڈ سے سفر کا آغاز کرنے والے جہاز کی منزل شقیق کی اسٹیم پاور پلانٹ تھی۔

واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں تیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر راکٹ حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک ٹینکر ٹوٹ گیا تھا اور اس میں شدید نوعیت کی آگ بھڑک اُٹھی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔