موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی کی شدت بڑھادی، آج بھی تیز ہوائیں چلیں گی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 26 نومبر 2020
35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی سائبیرین ہوائوں کے سبب درجہ حرارت مزید گرگیا ۔ فوٹو : فائل

35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی سائبیرین ہوائوں کے سبب درجہ حرارت مزید گرگیا ۔ فوٹو : فائل

کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی کی شدت بڑھادی اور آج بھی تیز ہوائیں چلیں گی۔

منگل کی رات سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ بدھ کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہا، سب سے زیادہ بارش بیس مسرور پر 4 ملی میٹرریکارڈ ہوئی،35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی سائبیرین ہوائوں کے سبب درجہ حرارت مزید گرگیا، آج ہواؤں کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

ہلکی بارش سے ہی 400 فیڈر متاثر، بجلی کا نظام درہم برہم

منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہلکی اور تیز بارش کے بعد شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا مختلف علاقوں میں پوری رات بجلی کی فراہمی معطل رہی 400 زائد فیڈرز متاثر رہے کے الیکٹرک کا نظام ایک با ر پھر بیٹھ گیا بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا تھا۔

مضافا تی آبادیوں میں اکثر مقامات بجلی سے محروم رہے شہر میں بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی لیاقت آباد، گلشن اقبال ، ناظم آباد، نیوکراچی ، سرجانی ٹائون ، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، گلشن معمار، ملیر،گلستا ن جوہر، اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جو صبح تک تک بحال نہیں ہوسکی تھی۔ بدھ کے دن بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بری طرح متاثر رہی جس کی وجہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق رہی، فالٹس جلد دورکیے، کے الیکٹرک

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد کچھ مقامات متاثر ہو نے والی بجلی بلا تاخیر بحال کردی گئی، منگل اور بدھ کی درمیانی شب شروع ہونے والی بارش کے دوران شہر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہی، بارش کے باعث کچھ متاثرہ مقامات میں بلاتاخیر بجلی بحال کی گئی اس دوران کے الیکٹرک کی آن گراؤنڈ ٹیمیں متحرک رہیں اور کسی بھی علاقائی فالٹ کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ان فالٹس کو درست کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملیر، شاہ فیصل،ایف بی ایریا، پی آئی بی کالونی، مارٹن کوارٹرز اوراسکیم 33 کے علاقوں میں جلد بجلی بحال کی گئی تاہم بعض مقامات پر بجلی چوری اور کنڈوں کے باعث حفاظتی طور پر بجلی بند کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔