بارہ سنگھا شکاری کی رائفل لے کر بھاگ گیا!

ویب ڈیسک  جمعرات 26 نومبر 2020
چیکوسلواکیہ کے ایک دیہات میں بارہ سنگھا شکاری کی رائفل سینگوں سے چھین کر فرار ہوگیا۔ فوٹو: فائل

چیکوسلواکیہ کے ایک دیہات میں بارہ سنگھا شکاری کی رائفل سینگوں سے چھین کر فرار ہوگیا۔ فوٹو: فائل

جمہوریہ چیک: شکاری کو اس وقت خفت اٹھانا پڑی جب ایک بارہ سنگھا نے اس کی رائفل کو اپنے سینگ میں اڑا لیا اور تیزی سے بھاگ کھڑا ہوا۔ تاہم بہت کوشش کے باوجود رائفل کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

جمہوریہ چیک کے ایک گاؤں ہورنی پلانا میں ایک شکاری کی 0.22 ہارنیٹ رائفل اس وقت بارہ سنگھا ہرن کے ہتھے بلکہ سینگھوں چڑھ گئی جب وہ اپنے شکار میں مصروف تھا۔ یہ گاؤں جنوبی بوہیمیا میں واقع ہے۔

پولیس کی جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ شکاریوں کا ایک گروہ ہانکا لگانے والے کتوں کے ساتھ تھا۔ جیسے ہی شکاری کتوں نے ہرنوں اور بارہ سنگوں کو گھیرنا شروع کیا تو اچانک قریبی جھاڑیوں سے ایک بارہ سنگھا دوڑتا ہوا سیدھا ایک شکاری کی جانب آیا۔ بارہ سنگھا شکاری کا تعاقب کرتا ہوا آگے بڑھا اور اس کی آستین میں سینگ اڑادیئے جس سے خراشیں آئیں۔ تاہم اسی مڈھ بھیڑ میں رائفل ہاتھوں سے نکل کر بارہ سنگھے کے کئی سینگوں میں اٹک گئی اور وہ اسے لے کر غائب ہوگیا۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ خوش قسمتی سے بندوق میں کوئی کارتوس نہیں تھا ورنہ وہ فائر ہوسکتا تھا۔ اس دوران ایک اور شکاری نے بارہ سنگھے کو دیکھا جس کے سینگوں میں رائفل پھنسی تھی۔ اس دوران تمام شکاری جمع ہوکر رائفل کی تلاش میں نکلے تاہم بہت کوشش کے باوجود وہ نہ مل سکی۔

اس کے بعد شکاری نے باقاعدہ پولیس کو پورے واقعے کی اطلاع دی کیونکہ اسلحہ قوانین کے تحت گم ہوجانے والے آتشیں ہتھیار کی رپورٹ درج کرانا بہت ضروری ہوتا ہے۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے بھی رائفل لے کر فرار ہوجانے والے ہرن کی تلاش شروع کردی ہے۔

مقامی پولیس نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ اگر کوئی اس واقعے کے آگاہ ہے تو وہ ضرور آگے بڑھ کر پولیس سے تعاون کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔