ویزا معطلی؛ امارات میں انفرادی واقعات کو کسی ملک سے جوڑنا مناسب نہیں، پاکستان

ویب ڈیسک  جمعرات 26 نومبر 2020
متحدہ عرب امارات نے ویزا تبدیلیوں پر پاکستان کو مطلع نہیں کیا، ترجمان دفتر خارجہ

متحدہ عرب امارات نے ویزا تبدیلیوں پر پاکستان کو مطلع نہیں کیا، ترجمان دفتر خارجہ

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں انفرادی واقعات کو کسی ملک کے شہریوں سے جوڑنا مناسب نہیں۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے معمول کی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کا کوئی معاملہ زیرغور نہیں، اس مسئلے کا 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل دو ریاستی حل ہے، ایسی فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارلحکومت القدس الشریف ہو۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے اب تک مقبوضہ کشمیر کا بھارتی محاصرہ 479 روز میں داخل ہو چکا ہے، نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کے لیے عالمی برادری پر زور ڈالتے ہیں، اس حوالے سے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ایک اور مکتوب روانہ کیا ہے، جینو سائیڈ واچ کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، پاکستان بھارت میں مسلم لڑکی کو زندہ جلائے جانے کی بھی مذمت کرتا ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ اور او آئی سی ممالک کو بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد پر مبنی ڈوزیئر پیش کر دیا ہے جس میں دہشت گردوں کی مالی امداد اور منصوبہ بندی و تنظیم کے شواہد موجود ہیں، پاکستان بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کے لیے عالمی برادری سے شواہد شیئر کرتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عرب امارات نے پاکستان سمیت 12 ممالک کیلئے وزٹ ویزا معطل کردیا

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشتگردی اور پاکستان میں تخریب کاری سے توجہ ہٹانے کے لیے عالمی برادری میں بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہا ہے، اس نے جموں و کشمیر میں ناگروٹا واقعہ کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی، ہم بھارت کی اس کوشش کو مسترد کرتے ہیں، بطور دہشت گردی سے متاثرہ ریاست پاکستان بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنا جاری رکھے گا، رواں برس 2840 مرتبہ بھارت نے ایل او سی پر جنگ بندی کے خلاف ورزیاں کیں جن میں 27 نہتے شہری شہید اور 240 سے زائد زخمی ہوئے۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے ایجنڈا پر جموں و کشمیر کے نہ ہونے کی اطلاعات بے بنیاد پروپیگنڈہ ہیں، بھارت اس قسم کا پروپیگنڈا کر رہا ہے، کشمیر کا مسئلہ مستقل طور پر او آئی سی کے ایجنڈے کا حصہ ہے، توقع ہے کہ کل ہونے والا او آئی سی اجلاس کشمیر پر سخت موقف اپنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے ویزا تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کو مطلع نہیں کیا گیا، امارات میں انفرادی واقعات کو کسی ملک کے شہریوں سے جوڑنا مناسب نہیں ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ سی پیک کے خلاف ایک مکمل پروپیگنڈا مشین فعال ہے جو بے بنیاد اور غلط معلومات پھیلا رہی ہے، ہم سی پیک میں مزید توسیع کے حوالے سے چین سے رابطہ میں ہیں، کوویڈ 19 کے دوران بھی پاکستان اور چین سی پیک کی بروقت تکمیل کو یقینی بنا رہے ہیں۔

زاہد حفیظ چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان بات چیت کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے، ایران اور عالمی طاقتوں کے معاہدے (جے سی پی اے) پر بھی پاکستان مذاکرات کا حامی تھا، ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ میں کمی کے تناظر میں مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے حوالے سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔