پی ٹی آئی کے امجد زیدی اسپیکر اور نذیر احمد ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب

ایکسپریس نیوز  جمعـء 27 نومبر 2020
گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کا انتخاب 28 نومبر ہفتے کو کیا جائے گا . فوٹو : فائل

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کا انتخاب 28 نومبر ہفتے کو کیا جائے گا . فوٹو : فائل

گلگلت بلتستان: تحریک انصاف کے امجد زیدی اسپیکر اور نذیر احمد  ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں جب کہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب 28 نومبر کو کیا جائے گا.

پاکستان تحریک انصاف کے سید امجد زیدی 18 ووٹ حاصل کرکے اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہوگئے، ان کے مد مقابل  اپوزیشن اتحاد کے امیدوارغلام محمد 8 ووٹ حاصل کرسکے۔

تحریک انصاف کے ہی ایڈووکیٹ نذیر احمد 22 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے جب کہ ان کے مقابل اپوزیشن کے رحمت خالق 9 ووٹ حاصل کرسکے۔

یہ بھی پڑھیں ؛گلگت بلتستان، نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کا انتخاب 28 نومبر ہفتے کو کیا جائے گا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے لیے بیرسٹر خالد خورشید اور فتح اللہ خان کے نام شارٹ لسٹ کئے گئے تھے تاہم بیرسٹر خالد خورشید کے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے کسی بھی امیدوار کو کم سے کم 17 امیدوار کی حمایت درکار ہوگی، 33 ارکان پر مشتمل ایوان میں پی ٹی آئی کے اپنے 22 اور اس کی اتحادی مجلس وحدت المسلمین  کا ایک رکن ہے۔

اپوزیشن اتحاد کے ارکان کی تعداد 9 ہے جب کہ ایک آزاد رکن وزیراعلیٰ کے لیے ووٹ کاسٹ کرے گا، پیپلزپارٹی کے امجد حسین 2 نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے لیکن وہ ایک ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔