ٹرمپ نے عہدہ چھوڑنے اور وائٹ ہاؤس خالی کرنے کیلیے شرط رکھ دی

ویب ڈیسک  جمعـء 27 نومبر 2020
صدر ٹرمپ نے واضح شکست کے باوجود تاحال اپنی شکست تسلیم نہیں کی ہے، فوٹو : فائل

صدر ٹرمپ نے واضح شکست کے باوجود تاحال اپنی شکست تسلیم نہیں کی ہے، فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے اور عہدے سے دستبردار ہونے کو جوبائیڈن کی فتح کی الیکٹورل کالج سے باضابطہ منظوری سے مشروط کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی شکست تسلیم کرنے اور عہدہ چھوڑنے کے لیے ایک نئی شرط رکھ دی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ الیکشن میں اکثریت حاصل کرنے والے جو بائیڈن کی فتح کو باضابطہ طورالیکٹورل کالج سے منظور کرلیا جائے تو وہ بھی اپنا عہدہ چھوڑنے کو تیار ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : ٹرمپ کا الیکشن میں شکست تسلیم نہ کرنا شرمناک ہے، جوبائیڈن 

تھینکس گیونگ کی تعطیل کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر الیکٹورل کالج میں بھی جوبائیڈن کی فتح برقرار رہتی ہے تو وائٹ ہاؤس چھوڑ کر اپنی شکست تسلیم کرنے میں دیر نہیں لگائیں گے لیکن جوبائیڈن کے حلف اُٹھانے (20 جنوری) تک کئی نئی چیزیں سامنے آئیں گی جو صورت حال کو بدل سکتی ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : صدر ٹرمپ نومنتخب جوبائیڈن کو اقتدار منتقلی پر رضامند 

امریکی صدارتی انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے ‘الیکٹرز’ الیکشن میں فتح یاب امیدوار کی توثیق کرتے ہیں جس کے بعد 20 جنوری کو کامیاب امیدوار حلف اٹھاتا ہے۔ صدر ٹرمپ اس دن سے قبل کسی معجزے کے منتظر ہیں جب کہ دوسری جانب جوبائیڈن اپنی کابینہ کے ارکان کا بھی اعلان کر چکے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ٹرمپ شکست تسلیم کرنے سے انکاری، قائل کرنے کیلئے داماد کی ملاقات

امریکی صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹ کے امیدوار جوبائیڈن نے 538 میں 306 الیکٹورل ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی ہے جب کہ صدر ٹرمپ 232 ووٹ لیکر دوسری بار صدر بننے سے محروم رہے تاہم صدر ٹرمپ نے تاحال اپنی شکست تسلیم نہیں کی ہے جب کہ وائٹ ہاؤس میں اقتدار کی منتقلی کے لیے کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔