ایران نے اپنے 3 قیدیوں کے بدلے آسٹریلوی خاتون ماہر تعلیم کو رہا کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 27 نومبر 2020
ملبورن یونیورسٹی کی لیکچرار کو جاسوسی کے الزام میں 10 سال قید کی سزا ہوئی تھی، فوٹو : ملبورن یونیورسٹی

ملبورن یونیورسٹی کی لیکچرار کو جاسوسی کے الزام میں 10 سال قید کی سزا ہوئی تھی، فوٹو : ملبورن یونیورسٹی

تہران: ایران نے برطانوی نژاد آسٹریلوی خاتون ماہر تعلیم مور گلبرٹ کو رہا کر دیا تاہم اس کے بدلے تھائی لینڈ نے 3 ایرانی قیدیوں کو رہا کیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں جاسوسی کے الزام میں دو سال سے قید میلبورن یونیورسٹی سے وابستہ خاتون ماہر تعلیم مور گلبرٹ کو جیل سے رہائی کا پروانہ مل گیا اور وہ اپنے ملک پہنچ گئیں۔

ملبورن یونیورسٹی کی لیکچرار مور گلبرٹ کو ایک کانفرسن میں شرکت کے بعد 2018 میں تہران ایئرپورٹ سے گرفتار کر کے بند کمرے میں مقدمہ چلا گیا اور جاسوسی کے الزام میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

ماہر تعلیم مور گلبرٹ کی رہائی سے قبل تھائی لینڈ نے اسرائیلی سفارت کاروں پر 2012 میں ناکام بم حملے کے الزام میں قید 3 ایرانی شہریوں کو اُن کے ملک کے حوالے کردیا تھا تاہم تھائی لینڈ نے اس عمل کو ’قیدیوں کے تبادلے‘ سے تعبیر کرنے کو درست قرار نہیں دیا۔

ایرانی شہریوں کو تھائی لینڈ میں اسرائیلی سفارت کاروں پر بم دھماکے کے الزام میں 2012 میں سزا ہوئی تھی

’’ ایرانی شہریوں کو تھائی لینڈ میں اسرائیلی سفارت کاروں پر بم دھماکے کے الزام میں 2012 میں سزا ہوئی تھی ‘‘

دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا کا دعویٰ ہے کہ خاتون ماہر تعلیم کو غیر ممالک میں قید 3 ایرانی شہریوں کی رہائی کے بدلے چھوڑا گیا۔ 3 میں سے ایک ایرانی شہری تاجر ہیں اور وہ اپنے بزنس کے سلسلے میں تھائی لینڈ گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔