ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 30 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  جمعـء 27 نومبر 2020
قرضے کی یہ رقم پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کیلئے استعمال ہوگی۔: فوٹو: فائل

قرضے کی یہ رقم پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کیلئے استعمال ہوگی۔: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 30 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دی ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دے دی ہے، قرضے کی یہ رقم پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کیلئے استعمال ہوگی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے نمٹنے کیلیے پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر دے گا

گزشتہ روز ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 25 کروڑ ڈالر کی بھی منظوری دی تھی، اور یہ رقم کوویڈ 19 وائرس سے نمٹنے کیلئے استعمال ہوگی۔ جب کہ گزشتہ روز ہی ایشیائی ترقیاتی بینک سے پنجاب کے 2 اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے تھے، معاہدے پر وزیر اعظم نے دستخط کئے ، اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ معاہدے کے تحت ساہیوال اور سیالکوٹ میں 40 ارب روپے کے ترقیاتی کام ہوں گے، سیالکوٹ میں 15 ارب روپے کی لاگت سے نكاسی آب، سینی ٹیشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق منصوبے مکمل ہوں گے، اس کے علاوہ پارکس کا قیام اور شہر کی خوبصورتی کے متعدد منصوبے بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 30 کروڑ ڈالر قرض فراہم کریگا

واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے گزشتہ سال پاکستان کے لیے بجٹ میں معاونت کے طور پر 80 کروڑ ڈالر بطور قرض فراہم کرنے کی منظوری دی تھی جس کی دوسری قسط 30 کروڑ ڈالر کی منظوری دی گئی ہے، اعداد و شمار کے مطابق اے ڈی بی کی جانب سے پاکستان کو اب تک رواں مالی سال کے دوران تقریباً ایک ارب ڈالر قرض فراہم کیا جاچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔