بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری کی منگنی، تصاویر منظر عام پر

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 27 نومبر 2020
بختاور بھٹو اور ان کے منگیتر محمود چوہدری نے روایتی مشرقی لباس زیب تن کیا (فوٹو : ایکسپریس)

بختاور بھٹو اور ان کے منگیتر محمود چوہدری نے روایتی مشرقی لباس زیب تن کیا (فوٹو : ایکسپریس)

 کراچی: سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو، سابق صدر آصف زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی ہوگئی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ بختاور اور محمود چوہدری کی منگنی کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی جس میں خاندان کے افراد اور ذاتی دوستوں اور اہل خانہ نے شرکت کی۔

تقریب میں صنم بھٹو، فریال تالپور، ڈاکٹر عذرا پیچوہو شریک ہوئیں، سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست ڈاکٹر عاصم حسین، انور مجید، اے جی مجید، ریاض لعل جی، متحدہ عرب امارات سے آئے غیر ملکی مہمان بھی شریک ہوئے۔

Bakhtawer Bhutto zardari and Mehmood 3

بختاور اور محمود چوہدری نے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی، چوہدری خاندان بھٹو خاندان کی نواسی کے لئےانگوٹھی، گفٹ اور مٹھائی بھی ساتھ لائے تھے۔ مہمانوں کی تواضع پاکستانی اور انگریزی کھانوں سے کی گئی جس میں کوفتے، بریانی، چکن بروسٹ اور مچھلی مینو میں شامل تھے۔ بچوں کے کھانے کی خصوصی ڈشز بھی تیار کی گئیں۔

Bakhtawer Bhutto zardari and Mehmood 4

 

بختاور بھٹو اور محمود چوہدری نے روایتی مشرقی لباس زیب تن کیا، بختاور بھٹو کے منگیتر محمود چودھری نے آف وائٹ لباس زیب تن کررکھا تھا اورسفید کشمیری شال اوڑھ رکھی تھی، محمود چودھری فیملی میں شامل بچے کالی واسکٹ اور سفید شلوار قمیص پہنے ہوئے تھے جب کہ فیملی کے افراد نے مشرقی لباس زیب تن کررکھا تھا۔

 

Bakhtawer Bhutto zardari and Mehmood 5

کورونا سے متاثر بلاول بھٹو زرداری ورچوئل طریقے سے تقریب میں شریک ہوئے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے انٹرنیٹ پر موجود بلاول بھٹو زرداری کو مہمانوں سے ملوایا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کیمرے کے ذریعے فرداً فرداً تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

Bakhtawer Bhutto zardari and Mehmood 6

سابق صدر آصف علی زرداری تقریب میں مہمانوں سے ملتے اور مبارکباد وصول کرتے رہے۔ تقریب میں دونوں خاندانوں کے افراد کے علاوہ انتہائی قریبی 100 سے 150 فراد شریک ہوئے تھے۔ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب میں ان کی اور آصفہ بھٹو کی سہیلیاں بھی شریک ہوئیں۔ محمود چوہدری کے اہل خانہ کا وفد 15 افراد پر مشتمل تھا۔ تقریب میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا گیا۔

 

Bakhtawer Bhutto zardari and Mehmood 7

قبل ازیں آصف علی زرداری کے ہونے والے داماد محمود چودھری مقامی ہوٹل سے تیارہوکر بلٹ پروف گاڑی میں منگنی کی تقریب میں بلاول ہاؤس پہنچے۔ محمود چودھری اور انکی فیملی کے دیگر افراد بھی ہوٹل سے تیار ہوکر آئے۔ منگنی کی تقریب میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے، تقریب چار بجے شروع ہوکر تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہی۔

Bakhtawer Bhutto zardari and Mehmood 2

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔