نیوزی لینڈ سیریز؛ منسوخی کی دھمکی پر شعیب اختر بھڑک اٹھے

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 28 نومبر 2020
براڈکاسٹنگ رائٹس کی رقم میزبان کوملے گی،ہمارا احسان مند ہونا چاہیے۔ فوٹو: فائل

براڈکاسٹنگ رائٹس کی رقم میزبان کوملے گی،ہمارا احسان مند ہونا چاہیے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: سیریز منسوخ کرنے کی دھمکی پر شعیب اختر بھڑک اٹھے، سابق اسپیڈ اسٹار کا کہنا ہے کہ ہماری کرکٹ مر نہیں رہی اور نہ ہم پیسے کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔

شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے کسی کلب کی نہیں قومی ٹیم نیوزی لینڈ گئی ہے، میزبان بورڈ دورہ منسوخ کرنے کی دھمکی کیسے دے سکتا ہے، میں نیوزی لینڈ کرکٹ کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہماری کرکٹ مر نہیں رہی، ہم پیسے کے پیچھے نہیں بھاگ رہے، ہمیں آپ کی ضرورت نہیں،براڈ کاسٹنگ رائٹس کا پیسہ آپ کو ملے گا لہذا ہمارا احسان مند ہونا چاہیے کہ مشکل وقت میں بھی آپ کے ملک میں کرکٹ کھیلنے آرہے ہیں۔

سابق پیسر نے کہا کہ آپ دنیا کے ایک عظیم ملک پاکستان کی بات کررہے ہیں، اپنے رویے پر غور کرتے ہوئے اس طرح کے بیانات دینے سے گریز کریں، گرین شرٹس کو اب ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان ٹیم کو نشانے پر رکھ لینا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ پی سی بی کو بھی اس معاملے میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہنا چاہیے تھا کہ اگر آپ سیریز ختم کرنے کی بات کرتے ہیں تو ہم بھی اپنی ٹیم کو واپس بلالیتے ہیں۔

سابق اسپیڈ اسٹار نے انتظامی امور میں غفلت کی بھی نشاندہی کردی، انھوں نے کہا کہ قومی کرکٹرز کو انگلینڈ بھجوانے کے لیے چارٹرڈ طیارے کا انتظام کیا گیا تھا، اس بار دبئی میں رکنے کے بعد کوالالمپور سے ہوتے ہوئے کھلاڑی آکلینڈ گئے۔ کیا پی سی بی کا دماغ کام نہیں کررہا تھا کہ چارٹرڈ طیارے کا انتظام کرایا جاتا۔

انھوں نے کہا کہ جہاز میں دیگر مسافر بھی موجود تھے مگر اس دوران بنائی جانے والی ویڈیو میں کئی کھلاڑیوں نے ماسک ناک سے نیچے کررکھے تھے،ان کو خطرے میں ڈالا گیا، اگر ویڈیو بنا ہی لی تھی تو سوشل میڈیا پرکیوں نشر کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔