پروٹیز کو ہوم سیریز بچانے کے لالے پڑگئے

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 29 نومبر 2020
پہلے میچ میں جونی بیئر اسٹو کی تیز اننگز نے انگلینڈ کو5 وکٹ سے فتح دلائی۔ فوٹو : فائل

پہلے میچ میں جونی بیئر اسٹو کی تیز اننگز نے انگلینڈ کو5 وکٹ سے فتح دلائی۔ فوٹو : فائل

پارل: جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی 20 انٹرنیشنل اتوار کو کھیلا جائے گا جب کہ پروٹیزکو ہوم سیریزبچانے کے لالے پڑگئے۔

پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کی بولنگ میں زیادہ دم دکھائی نہیں دیا،3 اہم بیٹسمینوں نے مجموعی طور پر 26 رنز بنائے، اتوار کو پارل میں شیڈول دوسرے ٹی 20 کیلیے بیٹنگ لائن اپ میں ردوبدل متوقع ہے، ریزا ہینڈرکس کو میدان میں اتارا جائے گا، اسی طرح ٹام کرن کی جگہ مارک ووڈ انگلش الیون میں جگہ سنبھال سکتے ہیں۔

ڈوپلیسی کو 1500 رنز کی تکمیل کیلیے مزید 97 رنز درکار ہیں۔ قبل ازیں پہلے میچ میں پروٹیز نے 6 وکٹ پر 179 رنز بنائے تھے، جس میں ڈو پلیسی کے 58 رنز نمایاں رہے، سام کرن نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں انگلینڈ کی ابتدائی 3 وکٹیں صرف 34 رنز پر گرگئیں، جیسن روئے دوسری ہی بال پر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے، جوز بٹلر 7 اور ڈیوڈ مالان 19 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، اس مشکل وقت میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے بیئر اسٹو نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 48 بالز پر ناقابل شکست 86 رنز بناکر ٹیم کو 4 بالز قبل ہی 5 وکٹ سے فتحیاب کرا دیا، ان کی اننگز 4 چھکوں اور 9 چوکوں سے مزین تھی۔

بعد ازاں کپتان ایون مورگن نے تسلیم کیا کہ مقابلے سے قبل انھیں اس طرز میں اپنی بہترین الیون کا علم نہیں تھا مگر اتوار کو دوسرے میچ سے قبل بہت سے سوالوں کا جواب مل گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔