کار کمپنی ٹیسلا کے مالک نے امیر ترین افراد کی فہرست میں بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ دیا

ویب ڈیسک  اتوار 29 نومبر 2020
ایمازون کے بانی جیف بیزوس اب بھی پہلے نمبر پر ہیں، فوٹو : فائل

ایمازون کے بانی جیف بیزوس اب بھی پہلے نمبر پر ہیں، فوٹو : فائل

 واشنگٹن: کار ٹیکنالوجی کی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے حصص میں اضافے کے باعث امیر ترین شخصیات کی فہرست میں دوسرے نمبر پر براجمان بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ دیا۔ 

بلوم برگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق دنیا کی امیر ترین افراد کی فہرست میں دوسرا نمبر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے حاصل کر لیا ہے تاہم ایمازون کے بانی جیف بیزوس اب بھی امیر ترین شخص ہیں۔

ٹیسلا کے شیئرز کو امریکا میں ایس اینڈ پی 500 میں شامل کیے جانے کی خبروں پر دنیا کی سب سے قیمتی کار بنانے والی کمپنی کے حصص خریدنے والوں کی دوڑیں لگ گئیں اور اس طرح ایلون مسک کے جائیداد کی کُل مالیت 7.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 128 بلین ڈالر ہوگئی۔

ٹیسلا کمپنی کے حصص میں اضافہ اور منافع 15 ماہ کے مسلسل نقصان کے بعد ہوا ہے اور حیران کن طور پر ٹیسلا کی کاریں کورونا وبا کے باوجود اچھی تعداد میں فروخت ہورہی ہیں۔

ایلون مسک کے دوسرے امیر ترین شخص بننے کے بعد بل گیٹس تیسرے نمبر پر آگئے ہیں تاہم مائیکرو سافٹ کے شریک بانی برسوں تک دنیا کے سب سے امیر ترین شخص رہے تھے تاہم 2017 میں ایمازون کے جیف بیزوس نے بل گیٹس سے یہ جگہ لے لی تھی۔

واضح رہے کہ بل گیٹس کی مارکیٹ ویلیو 127.7 ارب ڈالر ہے لیکن کئی دہائیوں سے فلاحی کاموں میں بے تحاشا رقم خرچ کرنے کی وجہ سے ان کی مجموعی جائیداد کی مالیت میں کمی ہوئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔