کنویں پر خالی ہاتھ رہنے سے پروٹیز کی پیاس بڑھ گئی

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  جمعرات 26 دسمبر 2013
میزبان سائیڈ دوسرے ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ سیریز پر بھی ہاتھ صاف کرنے کیلیے تیار ہے،فوٹو:گیٹی امیجز/فائل

میزبان سائیڈ دوسرے ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ سیریز پر بھی ہاتھ صاف کرنے کیلیے تیار ہے،فوٹو:گیٹی امیجز/فائل

ڈربن: جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان دوسرا ٹیسٹ جمعرات سے ڈربن میں شروع ہورہا ہے، کنویں پر خالی ہاتھ رہنے سے پروٹیز کی پیاس مزید بڑھ گئی۔

میزبان سائیڈ دوسرے ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ سیریز پر بھی ہاتھ صاف کرنے کیلیے تیار ہے، انجرڈ مورن مورکل نے میدان میں اترنے کیلیے کمر کس لی، فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کیا تو کائیل ایبٹ کو موقع مل سکتا ہے، دوسری جانب کنگسمیڈ پر گذشتہ فتح دھونی کا حوصلہ بڑھانے لگی، ایشون کی فارم پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان جوہانسبرگ میں پہلا ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا، پروٹیز کے پاس ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کا موقع تھا مگر فتح کے قریب پہنچ کر اس کے بازو شل ہوگئے، اب دونوں ٹیموں کے درمیان ڈربن میں مقابلہ ہونے والا ہے جہاں پر جنوبی افریقہ نے گذشتہ چار میچز میں ایک بار بھی فتح حاصل نہیں کی،کنگسمیڈ پر بھارت تین سیزنز پہلے 87 رنز سے کامیابی اپنے نام کرچکا ہے۔

 photo 4_zps51ff39cb.jpg

میزبان فاسٹ بولر مورن مورکل پہلے میچ میں ٹخنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے ان کی شرکت مشکوک ہے تاہم وہ خود میدان میں اترنے کیلیے بے قرار ہیں، اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ میچ سے قبل فٹنس ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا، ان کے ڈراپ ہونے کی صورت میں روری کلینڈویلڈ یا پھر کائیل ایبٹ کو موقع مل سکتا ہے، کنگسمینڈ ایبٹ کا ہوم گرائونڈ ہے، انھوں نے رواں برس کے آغاز پر اپنا واحد ٹیسٹ پاکستان کے خلاف سنچورین میں کھیلا اور ایک اننگز میں صرف 29 رنز دے کر 7 وکٹیں لی تھیں، وہ تب سے دوسرے موقع کے منتظر ہیں، عمران طاہر پہلے میچ میں ناکام ثابت ہوئے، اس لیے صرف پال ڈومنی کی پارٹ ٹائم اسپن صلاحیتوں پر ہی انحصار کیا جاسکتا ہے۔ بھارت کو ایشون کی فارم پر تشویش ہے جو پہلے میچ میں ایک بھی وکٹ نہیں لے پائے، البتہ انھیں ڈراپ کیے جانے کا امکان بہت کم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔