سجل علی نے بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرلیا

ویب ڈیسک  پير 30 نومبر 2020
بحثیت پاکستانی یہ ایوارڈ میرے لیے بہت اہم ہے، سجل علی۔ فوٹو : فائل

بحثیت پاکستانی یہ ایوارڈ میرے لیے بہت اہم ہے، سجل علی۔ فوٹو : فائل

 کراچی: پاکستان کی مشہور اداکارہ سجل علی کو فلم اور ٹی وی کے لیے متاثر کن کارکردگی پر دبئی میں بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ڈسٹنکٹف انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (DIAFA) کے چوتھے ایڈیشن کی تقریب دبئی میں منعقد کی گئی جس میں دنیا بھر سے نامور شوبز شخصیات نے شرکت کی جس میں پاکستانی اداکارہ سجل علی بھی شامل ہیں۔


View this post on Instagram

A post shared by DIAFA (@diafaofficial)

تقریب میں پاکستانی اداکارہ سجل علی کو فلم اور ٹی وی کے لیے گراں قدر خدمات اور متاثر کن کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر سجل علی کا کہنا تھا کہ یہاں پر ہونا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، بالخصوص اتنے زبردست اداکاروں کے ساتھ ہونا کسی اعزاز سے کم نہیں، تمام مداحوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر سجل علی نے ایوارڈ کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ میرے لیے بہت اہم ہے، بحیثیت اداکار نہیں بلکہ ایک پاکستانی کے طور پر۔

واضح رہے کہ (DIAFA) ڈسٹنکٹف انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ کی تقریب ہر سال منعقد کی جاتی ہے جس میں نہ صرف عرب بلکہ بین الاقوامی شخصیات کو ان کے فن میں گراں قدر خدمات، کامیابیوں اور متاثر کن کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔