پیپلز پارٹی رہنما نے موٹروے پر سیکڑوں مسافروں کی جان کو خطرے میں ڈال دیا

نمائندہ خصوصی  پير 30 نومبر 2020
رکن اسمبلی رمیش لال نے موٹروے کے عین بیچوں بیچ گاڑی کھڑی کرکے روڈ بلاک کر دی

رکن اسمبلی رمیش لال نے موٹروے کے عین بیچوں بیچ گاڑی کھڑی کرکے روڈ بلاک کر دی

 اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش لال نے موٹروے پر گاڑی روک کر احتجاج کرتے ہوئے سیکڑوں مسافروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا، ان کی موٹروے بلاک کرنے کی وڈیو بھی وائرل ہوگئی۔

رکن اسمبلی رمیش لال موٹر وے سے لاڑکانہ جارہے تھے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پولیس نے ان کی گاڑی روکی جس پر وہ آپے سے باہر ہوگئے اور موٹروے کے عین بیچوں بیچ گاڑی کھڑی کرکے روڈ بلاک کر دی۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ موٹروے ایم 3 جڑانوالہ کے قریب موٹروے پولیس نے لین وائلیشن پررمیش لال کو روکا تھا اور ان سے اخلاقی رویہ اپنائے رکھا۔ لیکن رمیش لال نے اپنی کار موٹروے کے عین درمیان کھڑی کر دی اور اپنے کارکنوں کے ساتھ موٹروے کی گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کرتے رہے۔

موٹروے پولیس انہیں ایسا کرنے سے روکنے کی کوشش کرتی رہی۔ ویڈیو میں  موٹروے پولیس کو دیگر گاڑیوں کو بچانے کیلئے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز یہ واقعہ پیش آیا جس پر تفصیلات اکٹھی کر کے میڈیا کو دی جائیں گی۔

فیصل آباد کے تھانہ لنڈیانوالہ میں موٹروے پولیس کے پٹرولنگ آفیسر امجد خان کی مدعیت میں ایم این اے رمیش لال کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور سڑک بلاک کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس نے کہا ہے کہ رمیش لال کی گاڑی کو موٹروے پولیس نے مسلسل تیسری لین میں گاڑی چلانے پر روکا تھا۔ لیکن گاڑی روکنے پر رمیش لال غصے میں آ گئے اور گاڑی سڑک کے درمیان کھڑی کر کے ٹریفک بلاک کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔