قومی ہاکی، پولیس کے اویس اور عامر نے ہیٹ ٹرکس داغ دیں

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 26 دسمبر 2013
نیوی نے برابری کی پوری کوشش کی لیکن حریف گول کیپر فارورڈ کے راستے میں حائل رہا، پہلے ہاف تک یہی اسکور برقرار رہا. فوٹو: فائل

نیوی نے برابری کی پوری کوشش کی لیکن حریف گول کیپر فارورڈ کے راستے میں حائل رہا، پہلے ہاف تک یہی اسکور برقرار رہا. فوٹو: فائل

لاہور: قومی ہاکی چیمپئن شپ کے مزید3مقابلوں کا فیصلہ ہوگیا، پی آئی اے، پولیس اورسوئی سدرن گیس کی ٹیمیں حریفوںکو زیر کرنے میں کامیاب رہیں، پولیس کے اویس اور عامر علی نے ہیٹ ٹرکس داغ دیں۔

جوہر اسٹیڈیم لاہور میں پولیس نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو3 کے مقابلے میں7 گول سے زیر کیا،آغاز سے ہی کھیل میں تیزی دیکھنے میں آئی،11ویں منٹ میں سینٹر ہاف ابوبکر نے پولیس کو سبقت دلا دی، ایچ ای سی کے رائٹ آئوٹ عدیل زمان نے صرف 2 منٹ بعد مقابلہ برابر کر دیا۔پہلے ہاف تک مقابلہ1-1 سے برابر تھا۔ وقفے کے بعد35 منٹ کے کھیل میں مجموعی طور پر 8گول ہوئے، پولیس نے 6 اور ایچ ای سی نے 2 بار گیند کو جال کا راستہ دکھایا، پولیس کی طرف سے اویس اور عامر علی نے ہیٹ ٹرکس داغ کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پی آئی اے نے نیوی کو ایک کے مقابلے میں3 گول سے مات دی، عماد بٹ نے پہلے ہی منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔

 photo 5_zps0b70ef8f.jpg

نیوی نے برابری کی پوری کوشش کی لیکن حریف گول کیپر فارورڈ کے راستے میں حائل رہا، پہلے ہاف تک یہی اسکور برقرار رہا، وقفے کے بعد دوسرے ہی منٹ میں نیوی کے اکبر علی نے گیند کو جال کا راستہ دکھا کر مقابلہ1-1 سے برابرکردیا، صرف ایک منٹ بعد پی آئی اے کے محمد زبیر نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال میں پھینک کر اسکور 2-1کر دیا۔ نیوی نے ایک بار پھر برابری کیلیے کوشش کی لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔کھیل کے51ویں منٹ میں عنایت اللہ نے پی آئی اے کی طرف سے تیسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا،آخری19 منٹ میں دونوں ٹیموں نے مزید گول کرنے کی کوشش کی لیکن کسی کو کامیابی نہ مل سکی۔

سوئی سدرن گیس نے پورٹ قاسم کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی، شکیل عباسی نے کھیل کے چھٹے منٹ میں سوئی گیس کی طرف سے پہلا گول کیا، پورٹ قاسم کے آصف نے22ویں منٹ میں مقابلہ برابر کر دیا۔ صرف2 منٹ بعد سوئی گیس کے مبشر علی کے گول کے ذریعے ایک بار پھر سبقت حاصل کر لی، پہلے ہاف تک اسکور2-1 تھا، وقفے کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کرنے کی کوشش کی لیکن دفاعی کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی سے فارورڈز کو ناکامی کا شکار کر دیا،کھیل کے58ویں منٹ میں یاسر شبیر نے سوئی گیس کی طرف سے گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جمعرات کو چیمپئن شپ کے مزید3 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا پولیس اور پورٹ قاسم کی ٹیموں کے درمیان صبح ساڑھے10 بجے ہوگا، دوسرا مقابلہ نیوی اور آرمی کی ٹیموں کے مابین دوپہر ساڑھے12 بجے شیڈول ہے جبکہ تیسرے میچ میں پی ٹی وی اور نیشنل بینک کی ٹیمیں ڈھائی بجے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔