پیسکو کا کنٹرول پختونخوا کو دینے کو تیار ہیں، پرویز رشید

نمائندگان ایکسپریس  جمعرات 26 دسمبر 2013
مشرف کامستقبل عدالتوں سے وابستہ ہے، شیخ رشید کی پیشگوئیاں سچ نہیں ہوتیں,وفاقی وزیر اطلاعات

مشرف کامستقبل عدالتوں سے وابستہ ہے، شیخ رشید کی پیشگوئیاں سچ نہیں ہوتیں,وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان بلٹ نہیں بیلٹ سے بنا ہے، قائد اعظم محمد علی جناح  نے پارلیمانی نظام سیاست کی بنیاد رکھی، بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔

بدھ کو نواب کیفی کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو پیسکو دینے کیلیے تیار ہیں، ہم اس سلسلے میں عمران خان کی توجہ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ تحریک انصاف کی ریلی مال روڈ کی پیالی میں بند ہوجائے گی، عمران خان کا مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ نہ کرنا خوش آئند ہے، پرویز مشرف کا مستقبل عدالتوں سے وابستہ ہے، عدالتیں بہتر انداز میں فیصلہ کریں گی، شیخ رشید کی پیش گوئیاں کبھی سچ ثابت نہیں ہوتیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ پہلے حکومتیں آمرانہ طریقے سے توڑی جاتی تھیں، موجودہ حکومت ووٹوں سے منتخب ہوکر آئی ہے، آئینی مدت پوری کر نا جمہوری حکومت کا حق ہے، حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلیے قومی اتفاق رائے پیدا کررہی ہے۔

 photo 2_zps51148c4a.jpg

دریں اثنا ایوان صدر میں قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پرویز رشید نے کہا کہ سیاسی رہنمائوں کو قوم کو مختلف موضوعات پر تقسیم کرنے سے گریز کرنا چاہیے، وقت کا تقاضا ہے کہ پوری قوم متحد ہو، پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی ملاقات خوش آئند ہے ، دونوں ممالک آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں ، توقع ہے باہمی تعلقات بہتر ہوںگے، دونوں ممالک کے درمیان محاذ آرائی کے بجائے تعاون پورے خطے کے مفاد میں ہے ، حکومتیں بدلنے سے تعلقات پر اثر نہیں پڑتا ، امن اور ترقی کیلیے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔