نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں آتشزدگی، ایک خاندان کے 4 افراد جھلس گئے، لڑکی جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 30 نومبر 2020
سوسائٹی کی اپنی فائر بریگیڈ نہ ہونے اور بدانتظامی کے سبب گھر میں موجود سامان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا، علاقہ مکین (فوٹو: ایکسپریس)

سوسائٹی کی اپنی فائر بریگیڈ نہ ہونے اور بدانتظامی کے سبب گھر میں موجود سامان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا، علاقہ مکین (فوٹو: ایکسپریس)

 کراچی: فور کے چورنگی بابا موڑ کے قریب واقع رہائشی پروجیکٹ صائمہ عربیئن ولاز میں واقع مکان میں آتشزدگی کے باعث ایک ہی خاندان کے 4 افراد جھلس گئے جب کہ 30 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔

منگوپیر تھانے کے علاقے بابا موڑ کے قریب واقع رہائشی پروجیکٹ صائمہ عربیئن ولاز میں واقع مکان نمبرآر ون 59 شیٹ نمبر38 میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی۔ خوفناک آگ لگنے کے باعث  گھر میں موجود ماں باپ اور دو بیٹیاں جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر عباسی اور سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا جہاں ایک 30 سالہ لڑکی جاںبر نہ ہوسکی۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 59 سالہ جمال، ان کی اہلیہ 45 سالہ شبانہ، 22 سالہ رمشا بیٹی شامل ہیں، 30 سالہ امبرین جاں بحق ہوگئی جب کہ زخمی ہونے والے والد اور ان کی دو بیٹیوں کو سول اسپتال برنس وارڈ اور والدہ کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گھر میں آگ گیس کے دھماکے کے باعث لگی، مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت  دیگر گھروں سے پانی لاکر آگ بھجائی۔ سوسائٹی کی اپنی کوئی فائر بریگیڈ بھی نہیں جس کی وجہ سے گھرمیں موجود سامان مکمل جل گیا یہاں تک کہ زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کے لیے بھی سوسائٹی کی ایمبولینس کافی دیر بعد آئی اس دوران تمام زخمیوں کو اہل محلہ نے سامنے گھر میں منتقل کیا۔

علاقہ مکینوں نے اس بات پر احتجاج بھی کیا اور کہا کہ سوسائٹی کی انتظامیہ حادثہ رونما ہونے کے آدھے گھنٹے بعد آئی یہاں تک کہ خود کو میجر کے نام سے مشہور کرنے والے سوسائٹی کے جنرل منیجر سہیل بھی انتظامیہ کی غفلت ماننے کے بجائے مکینوں سے الجھتے رہے۔ اس سے قبل بھی سوسائٹی میں ڈکیتی اور موٹر سائیکل کی چوریوں کی کئی واردات رونما ہو چکی ہیں لیکن اس کے باوجود جنرل منیجر کی جانب سے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے۔

واقعے کے حوالے سے ایس ایچ او منگھوپیر عدنان صدیقی سے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن انھوں نہ تو جائے حادثے پر جانے کی زحمت کی اور نہ ہی معلومات اکٹھا کرنے کی کوشش کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔