ایرانی فوج کے اہم کمانڈر کی ڈرون حملے میں ہلاکت کی اطلاعات

ویب ڈیسک  منگل 1 دسمبر 2020
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی کمانڈر کو عراق اور شام سرحد پر نشانہ بنایا گیا(فوٹو، فائل)

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی کمانڈر کو عراق اور شام سرحد پر نشانہ بنایا گیا(فوٹو، فائل)

بغداد: ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے اہم  کمانڈرکی ڈرون حملے میں ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

خلیجی خبر رساں ادارے العربیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عراقی ذرائع کے مطابق  ایرانی کی سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر مسلم شاہدان کو عراق اور شام کی سرحد پر ڈرون سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

العربیہ کا کہنا ہے کہ عراقی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی کمانڈر کو اتوار کی شب شام کے ساتھ واقع سرحدی علاقے القائم میں نشانہ بنایا گیا۔

خبر رساں ادارے نے عراقی خفیہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کے علاوہ اس واقعے کے دیگر تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

عراقی صوبے انبار میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں العربیہ کا کہنا ہے غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ڈرون نے ایرانی کمانڈر کی کار کو نشانہ بنایا۔ حملے میں کمانڈر مسلم شاہدان کے ساتھ کے ساتھ ایران نواز ملیشیا کے دو جنگجو بھی ہلاک ہوئے ہیں دوسری جانب لبنانی نیوز چینل المائدین نے اپنے ذرائع سے اس خبر کی تردید کی ہے۔

یہ خبر بھی دیکھیے: بغداد ایئرپورٹ پرامریکی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد ہلاک

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پرامریکا کی جانب سے راکٹ حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔  راکٹ حملے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولرموبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈرابومہدی المہندس بھی ہلاک ہوگئے تھے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں تصدیق کی تھی کہ یہ حملہ امریکا کی جانب سے کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔